خامیوں کی نشاندہی اور حل کے ضمن میں میڈیا کا کردار بنیادی اہمیت کا حامل ہے، گورنر سندھ

منگل 23 جنوری 2018 22:15

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ معاشرہ میں موجود برائیوں ، خامیوں اور مسائل کی نشاندہی اور ان کے ممکنہ حل تجویز کرنے کے ضمن میں ذرائع ابلاغ کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے یہی وجہ ہے کہ موجودہ حکومت میڈیا کی آزادی کے لئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی ایڈیٹرز کلب کے 7 رکنی وفد سے گورنر ہائوس میں ملاقات کے دوران کیا جس نے کلب کے صدر مبشر میر کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔

وفد کے اراکین میں نائب صدر مختار عاقل، جنرل سیکریٹری منظر نقوی، سیکریٹری فنانس جاوید محمود، اراکین ایگزیکٹیو کونسل ، آغا مسعود، مختار بٹ اور الوینہ آغا شامل تھے۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ ریاست کا چوتھا ستون ہونے کے ناطے میڈیا پر غیر جانبدارانہ طور پر صرف اور صرف حقائق عوام کے سامنے لانے کی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک مہذب معاشرے کے قیام کے لئے تمام اداروں کے ساتھ میڈیا کو بھی آزادی سے کام کرنے کے ماحول کی دستیابی اشد ضروری ہے لیکن اس ضمن میں میڈیا ہائوسز کو اپنے اوپر عائد ہونے والے قواعد و ضوابط کی پاسداری بھی کرنا چاہئیے۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا کے درست طور پر کام کرنے کی بھاری ذمے داری ایڈیٹرز پر عائد ہوتی ہے کیونکہ شائع یا نشر ہونے والی کوئی بھی خبر ان سے گذر کر قارئین اور ناظرین تک پہنچتی ہے اس لئے عوام کو حقائق سے باخبر رکھنے کی سب سے زیادہ ذمے داری ایڈیٹرز پر عائد ہوتی ہے۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ تیزی سے سائنسی ترقی کرتی ہوئی ہماری دنیا حقیقی معنوں میں ایک گلوبل ولیج کی شکل اختیار کرچکی ہے۔

پہلے الیکٹرانک میڈیا اور اب سوشل میڈیا کے تیز رفتار پھیلائو نے معلومات کی فراہمی اور حصول صرف ایک کلک پر کردیا ہے جہاں کسی بھی فرد اور ادارے کے بارے میں معلومات کا تبادلہ فی الفور کیا جاسکتا ہے ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ معاشرے کے ذمہ دار فرد کے طورپر یہ صحافیوں کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ درست رپورٹنگ کے ذریعہ عوامی مسائل کی نشاندہی اور حکومت کی کوتاہیوں پر آواز اٹھائیں ، لیکن اس کے ساتھ ساتھ حکومت کے اچھے کاموں کی تشہیر بھی ضروری ہے کینوکہ یہ ان کی صحافتی ذمے داری ہے کہ عوام کو ان کے لئے مہیا کی جانے والی سہولیات سے آگاہ کریں ۔

گورنر سندھ نے ایڈیٹرز کلب کے قیام کراچی کو ایڈیٹرز کے لئے ایک اچھی کاوش قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ ایڈیٹرز کے لئے ایک اچھا پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔ گورنر سندھ نے کراچی ایڈیٹرز کلب کو اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے ان کے مسائل پر ایک تفصیلی ورکنگ پیپر بھیجنے کے لئے بھی کہا تاکہ انہیں حل کرنے کے لئے اقدامات کئے جاسکیں۔ کلب کے صدر مبشر میر نے گورنر سندھ کو ایڈیٹرز کے لئے دفتر اور رہائشی سہولیات کی عدم دستیابی کے بارے میں آگاہ کیا اور اس ضمن میں ان سے تعاون کی درخواست کی۔

متعلقہ عنوان :