بین المذاہب ہم آہنگی ملک کی تعمیر و ترقی کے لئے اشد ضروری ہے، گورنر سندھ

ہمیں پاکستانیت کی سوچ کو پروان چڑھانا ہوگا ، اقلیتی برادری نے ملک کی ترقی کے لئے نمایاں خدمات انجام دی ہیں، وفد سے بات چیت

منگل 23 جنوری 2018 22:15

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی وقت کی اہم ضرورت ہے ، ہم سب کو پاکستانیت کی سوچ کو پروان چڑھانا ہوگا تاکہ ملک کو تیز رفتار ترقی و خوشحالی کی جانب گامزن کیا جاسکے کیونکہ یہی بابائے قوم کی تعلیمات ہیں۔جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریورنڈ جان قادر کی سربراہی میں ایک 13 رکنی وفد سے گورنر ہائوس میں ملاقات کے دوران کیا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ بابائے قوم قائداعظم کی 11 اگست 1947 کی تقریر ہمارا منشور اور آگے بڑھنے کی پالیسی دستاویز ہونا چاہئے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ انہوں نے اس تقریر میں ملک کے تمام شہریوں کو یکساں حقوق دینے اور بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کی بات کی تھی۔

(جاری ہے)

اس تقریر میں انہوں نے تمام مذاہب کے ماننے والوں کا تذکرہ کرتے ہوئے انہیں صرف اور صرف پاکستانی قرار دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اسلام ایک پرامن دین ہے جوکہ دوسرے مذاہب کے ماننے والوں کے احترام کا درس دیتا ہے یہی وجہ ہے کہ ایک سچا مسلمان پر امن اور قانون پسند شخص ہوتا ہے۔ انہوں کہا کہ ملک بھر میں اقلیتی برادری کو اپنے مذہبی رسومات کی ادائیگی کی مکمل آزادی حاصل ہے اور ان کی عبادت گاہوں کو بھی بھرپور تحفظ فراہم کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ھندو ، عیسائی، سکھ اور دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد نے ملک کی تعمیر و ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

خصوصاً تعلیم ، صحت ، تجارت ، ملکی دفاع اور دیگر شعبوں میں ان کی خدمات قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے ذریعہ تمام مسائل حل کئے جاسکتے ہیں اور مختلف مذاہب کے مابین اگر کوئی مسئلہ ہوتا بھی ہے تو اس کا آسان حل باہمی گفت و شنید ہے۔ وفد کے سربراہ ریورنڈ جان قادر نے مسائل توجہ سے سننے اور مسائل کے حل کی یقین دہانی پر گورنر سندھ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی برادری پاکستان سے بہت زیادہ محبت کرتی ہے کیونکہ یہ ہمارا وطن ہے اور ہم مادر وطن کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

متعلقہ عنوان :