نقیب اللہ کے قاتلوں کو عبرتناک سزا دینے اور آئندہ اس قسم کے واقعات کی روک تھام کیلئے عدالتی کمیشن تشکیل دیا

جائے،عبدالحاکم قائد رائو انوار اور اس کی ٹیم نے آئین اور قانون شکنی کی ہے، تیز ترین عدالتی کاروائی کے ذریعے انصاف فراہم کیا جائے،صدر پاسبان کراچی کا مظاہرے سے خطاب

منگل 23 جنوری 2018 21:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جنوری2018ء) پاسبان کراچی کے صدر عبدالحاکم قائدنے چیف جسٹس آف پاکستان سے درخواست کی ہے کہ جعلی پولیس مقابلے،آئین ،قانون اور عدالتوں کی کھلی توہین ہیں ۔نقیب اللہ کے قتل کا سختی سے نوٹس لیکر نقیب اللہ و شاہ محمد کے قاتلوں کو عبرتناک سزا دینے اور آئندہ اس قسم کے واقعات کی روک تھام کیلئے عدالتی کمیشن تشکیل دیا جائے ۔

نقیب اللہ کے خاندان کو تیز ترین عدالتی کاروائی کے ذریعے انصاف فراہم کیا جائے اور واقعہ میں ملوث تمام عناصر کو پھانسی پر لٹکایا جائے ۔ آئندہ شہریوں کو لاپتہ کرنے کے اقدامات کو اغواء تصور کرکے تمام تھانوں کو ایسے واقعات کی فوری ایف آئی آر درج کرنے کا پابند بنایا جائے ۔ وہ سہراب گوٹھ میں نقیب اللہ کی شہادت کے واقعہ کے خلاف لگائے گئے احتجاجی کیمپ کے باہرپاسبان کے زیر اہتمام مظاہرے سے خطاب کررہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پاسبان کراچی کے جنرل سیکریٹری سردار ذوالفقار ، جوائنٹ سیکریٹری عتیق الرحمن محسود ، پاسبان سہراب گوٹھ کے صدر حاجی عبدالصمد نے بھی خطاب کیا جبکہ سعیدل ،محمد اسلام ،پاسبان کراچی کے رہنما محمد مطلوب خان ،سردار جاوید و دیگر بھی موجود تھے ۔پاسبان کراچی کے صدر عبدالحاکم قائد نے کہا کہ ملک کا آئین اور قانون کسی شہری کو قتل کرنے کی اجازت نہیں دیتا اور قاتل کی سزا صرف اور صرف سزائے موت ہی ہے ۔

رائو انوار اور اس کی ٹیم نے آئین اور قانون شکنی کی ہے۔ قتل کے ساتھ آئین اور قانون شکنی کی بھی ایف آئی آر درج کی جانی چاہئے ۔عوام اپنے محافظوں کے ہاتھوں عدم تحفظ کاشکار ہوجائیں تو ایسے اداروں کے واقعات میں ملوث افسران اور اہلکاروں کے تمام جعلی مقابلوںکی تحقیقات اور انہیں سزادلانا ضروری ہے ۔نقیب اللہ کے معاملے پر پوری قوم کی نظر ہے اور اس واقعہ سے پوری قوم میں غم و غصہ پایا جاتا ہے ۔

پولیس میں مخلص لوگوں کی کوئی کمی نہیں ، قاتل ،رشوت خور اور شہریوں کو اغواء کرکے مال بٹورنے والے افسران اور اہلکاروں نے ادارے کی ساکھ کو بری طرح متاثر کردیا ہے۔آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ شہرکے تمام تھانوں میں عوام اور انسانیت دوست پولیس افسران اور اہلکار تعینات کریں جو ادارے اور عوام کے درمیان دوریاں ختم کرنے میں کردار ادا کرسکیں ۔#

متعلقہ عنوان :