بہاول پور،ہمارے محنتی نوجوان پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں، ملک محمد رفیق رجوانہ

نوجوان تعلیم کے حصول کے لیے محنت کریں کیونکہ کامیابی کے لیے کوئی شارٹ کٹ موجود نہیں ہے،گورنر پنجاب

منگل 23 جنوری 2018 21:53

بہاول پور،ہمارے محنتی نوجوان پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں، ..
بہاول پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جنوری2018ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ ہمارے محنتی نوجوان پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔ نوجوان تعلیم کے حصول کے لیے محنت کریں کیونکہ کامیابی کے لیے کوئی شارٹ کٹ موجود نہیں ہے۔ یہ بات انہوں نے مرکزی آڈیٹوریم بغدادالجدید کیمپس اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں منعقدہ تقریب تقسیم لیپ ٹاپ میں بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب میں کہی۔

انہوں نے کہا نوجوانوں کا ٹیلنٹ اور جذبہ دیکھ کر اطمینان قلب حاصل ہوتا ہے کہ ملک و قوم کا مستقبل تابناک اور محفوظ ہے۔ انہوں نے کہا لیپ ٹاپ حاصل کرنے والے محنتی اور ذہین طلبا دوسرے نوجوانوں کے لیے مشعل راہ ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت پنجاب 7ارب روپے کی خطیر رقم سے ایک لاکھ15ہزار مزید طلبا و طالبات کو لیپ ٹاپ کمپیوٹرز فراہم کررہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ کے چوتھے مرحلہ میں خاص طور پر دینی مدارس کے طلبا ،خصوصی بچے،نجی اور سرکاری سکولز و کالجز کے بچوں کو لیپ ٹاپ دیے جا رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پہلے تین مرحلوں کے دوران تین لاکھ10ہزار طلبا و طالبات کو لیپ ٹاپ کمپیوٹرز دیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کل ریسرچ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کا زمانہ ہے اور ان علوم کے بغیر آج کل تعلیم نامکمل تصور کی جاتی ہے اس لیے حکومت پنجاب نے جدید علوم تک رسائی کے لیے تمام رکاوٹیں دور کردی ہیں۔

انہوں نے کہا نئی نسل میںصرف اور صرف میرٹ پر لیپ ٹاپ کی تقسیم حکومت کا فرض ہے اور تعلیم کے فروغ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سماجی انصاف کا تقاضا ہے کہ تمام افراد کے لیے یکساں تعلیمی سہولیات فراہم کی جائیں جس کے لیے حکومت پنجاب اپنے فرائض منصبی بخوبی ادا کررہی ہے۔ انہوں نے کہا خادمِ پنجاب محمد شہباز شریف نے شعبہ تعلیم اور صحت میں ٹھوس حکمت عملی اپناتے ہوئے انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شعبہ تعلیم میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبا و طالبات جنھوں نے میٹرک2017ء کا امتحان 91فیصد نمبر لے کر پاس کیا ہے لیپ ٹا پ حاصل کرنے کے اعزاز سے نوازا جارہا ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ بہاول پورایک سرائیکی خطہ ہے جس کی زبان مٹھاس اور لوگ پیار و محبت کی ثقافت کے امین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انھیں اس خطہ سے دلی لگاؤ ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو سیاسی قائدین اور حکومت کی کارکردگی کو جانچنے کی ضرورت ہے کیونکہ دنیا اب صرف اور صرف پرفارمنس پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا تمام شعبہ جات میں صرف پرفارمنس کی بنیاد پر ہی ترقی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام افراد کو خود احتسابی کرنی چاہئے۔ انہوں نے لیپ ٹاپ حاصل کرنے والے طلبا وطالبات ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارک باد پیش کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی اولین ترجیح میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں صرف اور صرف عوامی خدمت ہے۔ تقریب میں گورنمنٹ صادق ایجرٹن کالج بہاول پور کے طالب علم وقار اکرم اور طالبہ عاصمہ اکبر نے لیپ ٹاپ حاصل کرنے پر اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے تحت 2017ء میں میٹرک کا امتحان 91فیصد یا اس سے زائد امتیازی نمبر حاصل کرنے والی2025طلبا وطالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے جا رہے ہیں۔

تقریب میں وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور پروفیسر ڈاکٹر قیصر مشتاق، وائس چانسلر گورنمنٹ صادق کالج وومن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر طلعت افزا، رکن صوبائی اسمبلی فوزیہ ایوب قریشی،حسینہ بیگم ، ایڈیشنل سیکرٹری ہائر ایجوکیشن تنویر جبار، ڈپٹی کمشنر رانا محمد سلیم افضل ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مستنصر فیروز ، ناموردانشورحبیب اللہ بھٹہ، تابش الوری سمیت سیاسی و سماجی اہم شخصیات سمیت طلبا وطالبات ، ان کے والدین اور اساتذہ کی کثیر تعداد شریک تھی۔