فیصل آباد، ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور لوکل گورنمنٹ کی6483ملازمین کے میڈیکل چیک اپ کے لئے ضلع میں تین روزہ پانچ ہیلتھ سکریننگ کیمپس کام کررہے ہیں

ہیلتھ سکریننگ میڈیکل کیمپ میں ملازمین کے ہیپاٹائٹس،ٹی بی،دمہ،شوگر،بلڈ پریشر اور دیگر بیماریوں کے ٹیسٹ اور حفاظتی ٹیکے بھی لگائے جائیں گے،ڈپٹی کمشنر سلمان غنی

منگل 23 جنوری 2018 20:37

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جنوری2018ء) ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے زیراہتمام ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور لوکل گورنمنٹ کی6483ملازمین کے میڈیکل چیک اپ کے لئے ضلع میں تین روزہ پانچ ہیلتھ سکریننگ کیمپس کام کررہے ہیں ۔ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے آفس میں قائم سکریننگ کیمپ کا افتتاح کیا۔سی ای او(ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی)ڈاکٹر ظفرعباس،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر آصف شہزاد،ایم ڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کرنل(ر)عماد گل،ڈاکٹربلال احمد اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

ہیلتھ سکریننگ میڈیکل کیمپ میں ملازمین کے ہیپاٹائٹس،ٹی بی،دمہ،شوگر،بلڈ پریشر اور دیگر بیماریوں کے ٹیسٹ اور حفاظتی ٹیکے بھی لگائے جائیں گے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سکریننگ کیمپس حکومت پنجاب کی ہیلتھ پالیسیوں کا حصہ ہیں اور مرحلہ وار پروگرام کے تحت مختلف محکموں کے ملازمین کی ہیلتھ سکریننگ کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے محکمہ صحت کے ڈاکٹرز وسٹاف سے کہا کہ وہ ملازمین کے ہیلتھ سکریننگ کے اس ٹاسک کو ذمہ داری اورخوش اسلوبی سے مکمل کریں۔

انہوں نے کہا کہ عوامی خدمات انجام دینے والے سرکاری ملازمین کی اچھی صحت سے محکمانہ کارکردگی میں مزید اضافہ ہوگا اور کیمپس کی بدولت انہیں صحت برقراررکھنے کے سلسلے میں آگاہی حاصل ہوگی۔ایم ڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے کہا کہ سرکاری سطح پر محکمہ صحت کی جانب سے لوکل گورنمنٹ اورویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ملازمین کی ہیلتھ سکریننگ خوش آئند اقدام ہے اور ایسے کیمپس کے قیام سے صحت عامہ کے فروغ اورہیلتھ سیکٹر میں حکومتی اقدامات کواجاگر کرنے میں مدد ملتی ہے ۔

سی ای او ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی نے بتایا کہ لوکل گورنمنٹ اور فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ملازمین کی سکریننگ کے لئے ضلع میں 5ہیلتھ کیمپس ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے مین آفس،ضلع کونسل،میونسپل کارپوریشن کے اقبال ہال،میونسپل کمیٹی آفس جڑانوالہ اورسمندری میں کام کررہے ہیں۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے بتایا کہ تین روزہ ہیلتھ سکریننگ کیمپ میں لوکل گورنمنٹ کے 1072،ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے 3972ملازمین کا چیک اپ کیا جائے گا ۔اسی طرح میونسپل کارپوریشن کے 610،میونسپل کمیٹی جڑانوالہ کے 327،میونسپل کمیٹی سمندری کے 160،تاندلیانوالہ کے 155،چک جھمرہ کے 88،ماموں کانجن کے 49،کھرڑیانوالہ کے 36اورمیونسپل کمپنی ڈجکوٹ کے 14ملازمین کی ہیلتھ سکریننگ کی جائے گی

متعلقہ عنوان :