بہت جلد قبائلی عوام کی خواہشات کے مطابق اصلاحات کاعمل مکمل ہوجائیگا،اقبال ظفرجھگڑا

فاٹامیں امن وامان کی بحالی کے بعد قبائلی علاقہ جات میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں پرکام جاری ہے،حکومت قبائلی عوام کو بنیادی ضروریات زندگی کی سہولیات کی فراہمی کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھارہی ہے، گورنر نرخیبرپختونخوا کی وفد سے گفتگو

منگل 23 جنوری 2018 20:28

بہت جلد قبائلی عوام کی خواہشات کے مطابق اصلاحات کاعمل مکمل ہوجائیگا،اقبال ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جنوری2018ء) گورنرخیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑا نے کہاہے کہ فاٹا میں اصلاحات پرعملدرآمد شروع ہوچکاہے اوربہت جلد قبائلی عوام کی خواہشات کے مطابق اصلاحات کاعمل مکمل ہوجائیگا۔ انہوں نے مزید کہاکہ فاٹامیں امن وامان کی بحالی کے بعد قبائلی علاقہ جات میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں پرکام جاری ہے۔

وہ منگل کے روز گورنرہاؤس پشاورمیں پی کے تھری پشاور سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ایک وفد سے ملاقات کررہے تھے۔ وفد کی سربراہی پاکستان مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات علی خان یوسفزئی کررہے تھے جبکہ حاجی باچاخان اور حاجی احسان اللہ اوردیگر عہدیداربھی اس موقع پرموجودتھے۔ گورنرنے کہاکہ حکومت قبائلی علاقوں میں تعلیم اورصحت کے شعبوں کو خصوصی توجہ دے رہی ہے اورقبائلی عوام کو بنیادی ضروریات زندگی کی سہولیات کی فراہمی کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھارہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ فاٹا اصلاحات کے سلسلے میں پارلیمنٹ میںفاٹامیں سپریم کورٹ اور پشاورہائی کورٹ کادائرہ اختیاربڑھانے کی منظوری دی جاچکی ہے اور اصلاحات کا عمل بہت جلد مکمل ہوجائیگا۔گورنرنے کہاکہ موجودہ حکومت کی کوششوں سے نہ صرف سی پیک جیسے میگامنصوبے شروع کئے جاچکے ہیں بلکہ موثرپالیسیوں کی بدولت ملکی معیشت بھی استحکام کی جانب گامزن ہے۔

انہوں نے مزید واضح کیاکہ سی پیک سے نہ صرف ملک اقتصادی طور پر خوشحال ہوگا بلکہ اس منصوبے سے روزگارکے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ گورنرنے کہاکہ حکومت نے نہ صرف توانائی بحران پرقابو پایاہے بلکہ لوڈشیڈنگ بھی ختم کردی گئی ہے۔ وفد نے اس موقع پر فاٹا اصلاحات پرعملدرآمد اور نقل مکانی کرنے والے قبائل کی واپسی کے بعد فاٹا کی ترقی کیلئے اٹھائے گئے حکومتی اقدامات کوسراہا۔ #

متعلقہ عنوان :