امن وامان کے حوالے سے پاکستان بہتری کے نئے دور میں داخل ہو رہا ہے۔ انجینئراقبال ظفر جھگڑا

منگل 23 جنوری 2018 20:27

امن وامان کے حوالے سے پاکستان بہتری کے نئے دور میں داخل ہو رہا ہے۔ انجینئراقبال ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2018ء) گورنرخیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑا نے کہا ہے کہ امن وامان کے حوالے سے پاکستان بہتری کے نئے دور میں داخل ہو رہا ہے، ملک معاشی استحکام کی جانب گامزن ہے، خیبرپختونخوا نے بہت مشکلات اوردہشت گردی اور انتہا پسندوں کا سامنا کیا ہے، لوگ چند سال پہلے تک خوفزدہ تھے مگر اب تعمیروترقی اور نئی ملکی وغیرملکی سرمایہ کاری کی باتیں ہو رہی ہیں، خیبرپختونخوا اورفاٹا میں امن وامان بحال ہوچکاہے۔

منگل کو یہاں جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیبر پختونخوا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی نومنتخب کابینہ کے عہدیداران اور یونائٹیڈ بزنس گروپ کے لیڈران کے اعزاز میں دئیے گئے ظہرانے سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب سے یو بی جی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر،چیئرمین افتخار علی ملک،ایف پی سی سی آئی کے صدر غضنفربلور،ریاض الدین شیخ،،سینیٹر الیاس احمد بلور، زبیر طفیل،عامر عطا باجوہ، حاجی افضل، رشید پراچہ، خیبرپختونخوا چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر زاہد اللہ شنواری اور دیگر تاجروں نے بھی خطاب کیا جبکہ تقریب میں خالد جاوید، فیڈریشن کے ریجنل چیئرمین حاجی عرفان یوسف،عاطف اکرام،شبنم ظفر،کریم عزیزملک، وسیم وہرہ، شکیل احمد ڈھینگڑا، سعیدہ بانو، یو بی جی کے کوآرڈینیٹر ملک سہیل حسین، وقار میاں، انجینئر دارو خان، ڈاکٹر مرزا اختیاربیگ، عبدالمیع خان، خورشید برلاس، کیپٹن عبد الرشید ابڑو، شہر یار علی ملک،مسز فطرت الیاس بلوراور تاجر برادری سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا پاکستان معاشی استحکام کی جانب گامزن ہے ۔ انہوں نے مزیدکہاکہ قبائلی علاقہ جات سے نقل مکانی کرنے والے قبائل اپنے آبائی علاقوں میں واپس آچکے ہیں اور تعمیرنو اور بحالی سمیت ان کے مستقبل کے حوالے سے بھی اہم فیصلے ہو رہے ہیں اور ان اقدامات سے معاشی سرگرمیوں پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پشاور میں ایف پی سی سی آئی کے ریجنل بلڈنگ کی تعمیر کیلئے ہرممکن تعاون کیا جائے گا تاہم فیڈریشن کے صدراس سلسلے میں باضابطہ ہمیں لکھیں۔

گورنر نے کہا کہ موجودہ حکومت کی مخلصانہ کوششوں کے نتیجے میں سی پیک منصوبہ شروع کیا گیا ہے اور اس سے ملک میں بے روزگاری کے مسئلے پر قابو پایا جاسکے گا، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اوردیرپا بنیادوں پر ملک کی خوشحالی اور استحکام ممکن ہوسکے گا۔ انہوں نے مزید واضح کیا کہ اگرہم بحیثیت قوم دستیاب وسائل کا احسن طریقے سے استعمال ممکن بنانے میں کامیاب ہوجائیں تو نہ صرف خیبر پختونخوا اور فاٹا بلکہ پورے ملک کی معیشت کو مضبوط بنا یا جا سکتا ہے۔

افتخار علی ملک نے کہا کہ حکومت تاجربرادری کا ساتھ دے،سی پیک کے منصوبوں میں بلوچ اور پختون نوجوانوں کو نوکریاں دی جائیں۔ سینیٹر الیاس بلور نے کہا کہ الیکشن کے دنوں میں جن لوگوں نے ہمارے خلاف باتیں کیں ہم خاموش رہے ۔الیاس بلور نے افتخار علی ملک کے صاحبزادے شہریار علی ملک کیلئے ایف پی سی سی آئی کا مستقبل میں صدر بننے کی پیشنگوئی بھی کردی۔ ایف پی سی سی آئی کے صدر غضنفر بلور نے کہاکہ معیشت اس وقت مشکلات سے دوچار ہے،کے پی کے کی معاشی زندگی کا انحصار افغانستان پر ہے کیونکہ یہاں سے افغانستان کو 95 فیصد اشیاء برآمد کی جاتی ہیں لیکن اس میں رکاوٹ پیدا کی جا رہی ہے۔ انہوں نے فاٹا کو خیبر پختونخوامیں شامل کرنے کی حمایت کا اعلان کیا۔

متعلقہ عنوان :