چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی (کل) چیف جسٹس آف پاکستان سے ملاقات کریں گے

منگل 23 جنوری 2018 20:22

چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی (کل) چیف جسٹس آف پاکستان سے ملاقات کریں ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2018ء) چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی (کل) بدھ کو چیف جسٹس آف پاکستان سے ملاقات کریں گے۔ منگل کو ایوان بالا کے اجلاس کے دوران چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے ایوان بالا کو بتایا کہ انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان کو خط لکھ کر پارلیمان کی طرف سے سپیڈی جسٹس کے لئے کئے جانے والے کام سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں سابق چیف جسٹس سینیٹ میں تشریف لائے تھے اور کمیٹی آف دی ہول کے اجلاسوں میں اس معاملے پر کافی غور و خوض ہوا۔ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں جو بلز اور ایکٹس منظور کئے گئے ان کی تفصیل سے بھی چیف جسٹس آف پاکستان کو خط میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کے بعد چیف جسٹس آف پاکستان سے رابطہ ہوا جس میں انہوں نے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا۔ قائد ایوان اور قائد حزب اختلاف کو اس حوالے سے میں نے اعتماد میں لیا ہے اور ہائوس بزنس ایڈوائزری میں بھی یہ بات ہوئی ہے۔ انہوں نے ایوان کو بتایا کہ آج (بدھ) کو دو بجے وہ اس سلسلے میں چیف جسٹس آف پاکستان سے سپریم کورٹ میں ملاقات کریں گے۔