Live Updates

آئندہ عام انتخابات کے لئے تحریک انصاف کراچی میں پوری قوت کے ساتھ اترے گی،خرم شیر زمان

کراچی شہر کو حکمران اور سیاست دان خزانہ سمجھ کر لوٹ رہے ہیں لیکن یہاں کے عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے کوئی سنجیدہ نہیں،رہنما تحریک انصاف

منگل 23 جنوری 2018 20:12

آئندہ عام انتخابات کے لئے تحریک انصاف کراچی میں پوری قوت کے ساتھ اترے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2018ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے صدر فردوس شمیم نقوی اور جنرل سیکریٹری و سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات کے لئے تحریک انصاف کراچی میں پوری قوت کے ساتھ اترے گی اور انتخابات جیت کر کراچی، سندھ اور وفاق کی سب سے بڑی جماعت بن کر ابھرے گی۔

تحریک انصاف کے کارکنان انتخابات کی تیاریاں شروع کردیں۔ یہ باتیں انہوں نے کورنگی کے علاقے شاہ فیصل اور کورنگی نمبر4 پر پارٹی دفاتر کے افتتاح کے موقعے پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ کراچی ڈویژن کے رہنما راجہ اظہر خان، ضلع کورنگی کے صدر فہیم خان اور دیگر بھی موجود تھے۔ رہنمائوں نے مزید کہا کہ ماضی میں کراچی شہر میں سیاست کے نام پر غنڈہ گردی کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

کراچی شہر کو حکمران اور سیاست دان خزانہ سمجھ کر لوٹ رہے ہیں لیکن یہاں کے عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے کوئی سنجیدہ نہیں ہے۔کرپٹ حکمرانوں کی وجہ سے آج کراچی شہر کھنڈرات کا منظر پیش کر رہا ہے۔ ہر طرف گندگی کے ڈھیر، ٹوٹی ہوئی سڑکیں اور اُبلتے ہوئے گٹر دکھائی دیتے ہیں۔ کراچی شہر کی ابتر صورتحال کا ملبہ سندھ حکومت اور میئر کراچی ایک دوسرے پر ڈال رہے ہیں۔

میئر کراچی اور حکومت سندھ کے درمیان اختیارات کی جنگ میں کراچی کے شہری پس رہے ہیں۔ جتنا ٹیکس کراچی کے شہریوں سے وصول کیاجاتا ہے، اگر اس کا کچھ حصہ بھی کراچی پر لگتا تو آج کراچی شہر ایک ترقی یافتہ شہر ہوتا لیکن جب حکمرانوں کی نیت ہی صاف نہ ہو تو شہر کی حالت کیسے بہتر ہوگی۔ پاکستان کی ترقی اُس وقت تک ممکن نہیں ہے جب تک کراچی ترقی یافتہ شہر نہ بنے۔

اِس لیے کراچی شہر کو ایک مخلص ، دیانت دار اور ایماندار قیادت کی ضرورت ہے جو کراچی کے شہریوں سے مخلص اور ان کے بنیادی مسائل حل کرنے میں سنجیدہ ہو۔ تحریک انصاف یہ خواہش رکھتی ہے کہ حکومت میں آکر کراچی میں بھی خیبر پختونخواہ جیسا پولیس کا نظام اور بلدیاتی نظام لائے۔ شہر کی بہتری اور امن وا مان کے قیام کے لیے ضروری ہے کہ پولیس کے ادارے میں اصلاحات لائی جائیں۔

اگر کراچی میں پولیس کا نظام بہتر ہوتا تو معصوم شہری پولیس کے ہاتھوں ماورائے عدالت قتل نہ ہوتے۔ جب اِس ملک کے نظام میں بہتری آئے گی اُسی وقت پاکستان کو بین الاقوامی دُنیا میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔ ہم سمجھتے ہیں کہ کراچی کے عوام باشعور ہیں اور ماضی میں شہر کو تباہی کے دہانے پر پہنچانے والوں کو دوبارہ کبھی نہیں آزمائیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات