وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین سے سعودی بحریہ کے کمانڈر وائس ایڈمرل فہد بن عبدالستار الفوفیلی کی ملاقات

منگل 23 جنوری 2018 20:03

وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین سے سعودی بحریہ کے کمانڈر وائس ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2018ء) وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین سے سعودی بحریہ کے کمانڈر وائس ایڈمرل فہد بن عبدالستار الفوفیلی نے وزارت کے دفتر میں ملاقات کی۔وفاقی وزیر نے ملاقات کے دوران پاکستان کو وقتاً فوقتاً معاونت اور امداد کی فراہمی پر سعودی وفد کا شکریہ ادا کیا۔ وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے سپر مشاک ہوائی جہاز بارے سعوی وزارت دفاع اور پاکستان ایرونارٹیکل کمپلیکس (پی اے سی) میں جاری تعاون کو سراہا۔

دونوں اطراف نے دفاعی پیداوار خصوصاً بحری جہاز سازی کی صنعت میں باہمی تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر نے سعودی کمانڈر اور وفد کو پاکستان کی طرف سے دفاعی مصنوعات اور سازو سامان کی فراہمی کی پیشکش کی تاکہ سعودی مسلح افواج کی ضروریات پوری کی جاسکیں، ان اشیاء کی فروخت کے بعد سعودی عرب کو مکمل تربیتی پیکج فراہم کرنے کی پیش کش بھی کی گئی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے پاکستان کی طرف سے سعودی عرب کو دفاعی پیداواری اداروں میں جنگی سازو سامان کی تجرباتی جانچ پڑتال کی پیش کش بھی کی اور کہا کہ پاکستان اسلحہ اور آپٹکس وغیرہ کی تیاری کے لیے بھی سعودی عرب کے ساتھ تعاون کے لئے تیار ہے۔ ملاقات کے دوران جنگی جہازوں کی تیاری اور مرمت کی سہولیات کے لئے کراچی شپ یارڈ کے سعودی بحریہ کے ساتھ مشترکہ منصوبوں کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :