چھترپلین لاچی منگ میں آتشزدگی سے آٹھ کمروں پر مشتمل مکان جل کر خاکستر ہو گیا

منگل 23 جنوری 2018 19:37

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2018ء) چھترپلین لاچی منگ میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجہ میں آٹھ کمروں پر مشتمل مکان جل کر خاکستر ہونے سے غریب شخص لاکھوں روپے کی جمع پونجی سے محروم ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق یونین کونسل چھترپلین کے گائوں لاچی منگ میں گذشتہ رات تین بجے کے قریب بجلی کے شارٹ سرکٹ کے باعث مختیار علی شاہ، نعمت علی شاہ اور نزاکت حسین شاہ کا آٹھ کمروں پر مشتمل مکان آتشزدگی کی لپیٹ میں آ گیا جس کے نتیجہ میں گھر کے اندر موجود لاکھوں روپے مالیت کے قیمتی زیورات، گھریلو قیمتی سامان، فرنیچر، شناختی کارڈ اور دیگر ضروری سرکاری دستاویزات جل کر خاک ہو گئی۔

آگ کی شدت اتنی تیز تھی کہ اس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے گھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جبکہ اہل خانہ نے بھاگ کر اپنی جان بچا لی۔

(جاری ہے)

رات کے گذشتہ پہر ہونے اور دور دراز علاقہ ہونے کی وجہ سے امدادی کارروائیاں نہ ہو سکیں جس کی وجہ سے ایک غریب خاندان اپنی عمر بھر کی جمع پونجی سے محروم ہو گیا اور اپنے ذاتی استعمال گھر کی ایک چیز کو بھی نہیں بچا سکا۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر معززین علاقہ موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کاموں میں حصہ لیا۔ عوامی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر مانسہرہ، ضلع ناظم مانسہرہ اور دیگر متعلقہ اداروں سے اپیل کی کہ ہے لاچی منگ چھترپلین میں آتشزدگی سے تباہ ہونے والے مکان کی بحالی کیلئے متاثرہ افراد کو فوری امداد فراہم کی جائے۔

متعلقہ عنوان :