کوہاٹ میںتجاوزات کے خلاف آپریشن ‘175کنال اراضی واگزار‘کار سرکار میں مداخلت پر 2افراد گرفتار

منگل 23 جنوری 2018 19:36

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2018ء)صوبائی حکومت کے احکامات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر کوہاٹ خالد الیاس کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر صاحبزادہ نجیب اللہ کی سربراہی میںا یڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر صاحبزادہ سمیع اللہ، نائب تحصیلدارمحمد شعیب اورایس ڈی اوایریگیشن پرمشتمل ٹیم نے ریموول آف انکروچمنٹ ایکٹ 1977ء کے تحت ایریگیشن پراپرٹی سے تجاوزات کے خلاف7روزہ مہم کے تیسرے روز بھاری مشنری کے ہمراہ جرما ، مسلم آباد اور سورگل کے بعدڈھل بہزادی، میاں گان کالونی اور کے ٹی ایم مل ایریا کا رخ کر لیا ۔

ٹیم نے ایرگیشن نہر کے ایک طرف میں55فٹ جبکہ دوسری طرف 77فٹ علاقے سے تجاوزات ہٹانے کاکام جاری رکھا اوربعض مقامات پر 20فٹ سے بھی زیادہ تجاوزات کئے گئے تھے جنہیں ایکسکاویٹر کی مدد سے ہٹایا گیاگزشتہ3 دنوں کے دوران ضلعی انتظامیہ کوہاٹ نے جرما ،سورگل اور مسلم آباد سے تقریباً 95کنال جبکہ ڈھل بہزادی ، میاں گان کالونی اور کے ٹی ایم مل ایریامیں 80کنال ا راضی غیر قانونی قابضین سے واگزار کراکر اس کا قبضہ بھی حاصل کرلیا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کار سرکار میںمداخلت پر 2افراد بھی گرفتار کر لئے گئے جن کے خلاف متعلقہ قانون کے تحت کارروائی کی جائے گی۔واضح رہے کہ آپریشن کے دوران تجاوزات کی ضد میں آنے والے مارکیٹ اور گھر بھی مسمار کر دئیے گئے۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صاحبزادہ نجیب اللہ نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن میں صوبائی حکومت کی سنجیدگی دیکھ کر زیادہ تر لوگ اب خود بخود تجاوزات ہٹا نے میں مصروف ہیںاور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون بھی کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی ہدایت پر پر شروع کیا گیا یہ آپریشن اپنے منطقی انجام تک جاری رہے گا۔ عوامی اور سماجی حلقوں کی جانب سے صوبائی حکومت کے اس اقدام کو بھر پور پذیرائی مل رہی ہے اور سراہا بھی جارہا ہے۔