غیر نصابی سرگرمیاں طلبہ میں شعور اور تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دیتی ہیں، طالبات کو تخلیقی اور ہم نصابی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے، ڈاکٹر محمد قاسم بگھیو

منگل 23 جنوری 2018 19:35

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2018ء) تعلیمی اداروں میں غیر نصابی سرگرمیوں کا انعقاد طالب علموں میں شعور اور تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دیتا ہے، طالبات کو تخلیقی اور ہم نصابی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے، طالبات کی حوصلہ افزائی کیلئے اس طرح کی تقریبات کا انعقاد تخلیقی نشوونما کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار اکادمی ادبیا ت پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر محمد قاسم بگھیو نے اسلام آباد ماڈل کالج برائے طالبات (پوسٹ گریجویٹ) ایف سیون ٹو میں بین الکلیاتی اردومباحثے کے اختتام پر کیا۔ وہ اس تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔ انہوں نے کالج کی پرنسپل ڈاکٹر خالدہ مخدوم کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں کو ایسے ہی قابل اور حوصلہ افزائی کرنے والے سربراہوں کی ضرورت ہے۔

مقابلوں کے اختتام پر انھوں نے جیتنے والی طالبات میں انعامات بھی تقسیم کئے اور اکادمی ادبیات پاکستان کی طرف سے کتابوں کے سیٹ بطور انعام دیئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے طالب علم بہت ذہین اور مستقبل کے قائد بننے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ پاکستان کا مستقبل یقینا ان ذہین طالب علموں کے ہاتھوں میں محفوظ اور خوشحال ہوگا۔

متعلقہ عنوان :