چین کا ہمارے دل میں اہم مقام ہے، دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان بے مثال دوستی کا دنیا میں کوئی ثانی نہیں ہے ، سردار ایاز صادق

دونوں ممالک کے اراکین پارلیمنٹ اور تاجر برادری کے درمیان رابطوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، ہمیں مسائل خطے کی اجتماعی دانش اور مشترکہ حکمت عملی سے حل کرنے چاہئیں، سپیکر قومی اسمبلی کی چینی سفیر یاؤ جنگ سے گفتگو

منگل 23 جنوری 2018 19:35

چین کا ہمارے دل میں اہم مقام ہے، دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان بے مثال ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2018ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ ہمارے دل میں چین کا اہم مقام ہے ،دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان بے مثال دوستی کا دنیا میں کوئی ثانی نہیں ہے، دونوں ممالک کے اراکین پارلیمنٹ اور تاجر برادری کے درمیان رابطوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، ہمیں مسائل خطے کی اجتماعی دانش اور مشترکہ حکمت عملی سے حل کرنے چاہئیں۔

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے یہ بات منگل کو پارلیمنٹ ہائوس میں پاکستان میں چینی سفیر یائو جنگ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ۔سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ ون بیلٹ ون روڈ منصوبہ اس صدی کا سب سے شاندار منصوبہ ہے اور پاک۔ چین اقتصادی راہداری اس منصوبہ کا ایک اہم حصہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان سی پیک کے تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے پر عزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے اراکین پارلیمنٹ اور تاجر برادری کے درمیان رابطوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے مابین تعلقات مشترکہ جغرافیائی ،اقتصادی ،تاریخی اور اسٹر ٹیجک مفادات پر مبنی ہیں اور دونوں دوست ممالک ہر مشکل وقت میں ایک دوسر ے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔پاکستان میں منعقد ہونیوالی پہلی سپیکرز کانفرنس کا ذکرکر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں مسائل خطے کی اجتماعی دانش اور مشترکہ حکمت عملی سے حل کرنے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب ہم دہشت گردی کے ناسور پر مکمل طور پر قابو پالیں گے اور خطے کی تر قی اور خوشحالی کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز میں رابطوں کو فروغ حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے یہ کانفرنس پورے خطے کیلئے سو د مند ثابت ہو گی۔ اسلا م آباد میں پہلی سپیکرز کانفرنس کے انعقاد پر سپیکر سردار ایاز صادق کو مبارکباد دیتے ہوئے چینی سفیر یاؤ جنگ نے اس کانفرنس کو پارلیمانی سفارتکاری کی خوبصورتی قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس کے انعقاد کا سہرا سپیکر قومی اسمبلی سر دار ایاز صادق کے سر جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن اور خوشحالی کے قیام کے لیے یہ کانفرنس تمام اسٹیک ہولڈر ز کے مابین پارلیمانی تعاون اور رابطوں کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہو گی۔ یاؤ جنگ نے کہا کہ ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان چین کی حقیقی قوت ہے۔انہوں نے کہا کہ چین کے اسٹرٹیجک شماروں میں پاکستان کو بڑی اہمیت حاصل ہے اور دونوں ممالک کی قیادتیں دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے لیے پر عزم ہیں۔انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور چین کے مابین قریبی تعاون خطے اور اس سے باہر چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔