انڈونیشیا میں پھانسی کی سزا پانے والا بے گناہ پاکستانی ذوالفقار کینسر کا شکار

منگل 23 جنوری 2018 19:24

جکارتہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جنوری2018ء)انڈونیشیا میں پھانسی کی سزا پانے والا بے گناہ پاکستانی ذوالفقار کینسر کا شکار ہوگیا ہے جب کہ ڈاکٹروں کے مطابق ذوالفقار کے پاس صرف 3 ماہ زندہ رہنے کی امید ہے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق انڈونیشیا میں منشیات اسمگلنگ کے الزام میں ناحق سزائے موت پانے والا پاکستانی شہری ذوالفقار علی کینسر کے مرض کا شکار ہوگیا ہے، انڈونیشیا کی جیل میں قید ذوالفقارعلی کو جگر کا کینسر تشخیص ہوا ہے جب کہ ڈاکٹروں کے مطابق ذوالفقار کے پاس صرف 3 ماہ زندہ رہنے کی امید ہے۔

54 سالہ ذوالفقارعلی کا تعلق لاہور سے ہے اور وہ 2000 میں کام کے لیے انڈونیشیا گیا تھا جہاں 2016 میں 5 بچوں کے باپ ذوالفقار علی کو منشیات کے جھوٹے کیس میں موت کی سزاسنائی گئی۔

(جاری ہے)

ذوالفقارعلی نے پاکستان کے اداروں سے مدد کی اپیل کی ہے اور معاملہ اٹھانے پر ایکسپریس نیوز کا شکریہ بھی ادا کیا۔دوسری جانب انڈونیشیا کے صدر 26 جنوری کو پاکستان آرہے ہیں اور پارلیمنٹ سے بھی خطاب کریں گے تاہم امید ہے کہ حکومت ذوالفقار علی کا معاملہ انڈونیشین صدر کے سامنے اٹھائی گی۔واضح رہے کہ منشیات اسمگلنگ کے الزام میں پاکستانی شہری ذوالفقار علی کو سزائے موت سنائی گئی تھی تاہم میڈیا پر مہم کے بعد حکومت پاکستان کی مداخلت پر ذوالفقار کی سزا پرعملدرآمد روک دیاگیا تھا۔