دھرتی کو 100 فیصد محفوظ بنانے تک دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی، احسن اقبال

پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والے جان لیں پاکستانی قوم مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، دنیا ہماری قربانیوں کا اعتراف کرے کسی کو پاکستان میں دہشت گردی کرنے اور نہ ہی اپنی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت دیں گے، ہمیں دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کیلئے متحد ہونا ہوگا، ایک دوسرے پر انگلی اٹھانے کا فائدہ دہشت گرد اٹھائیں گے، وفاقی وزیر داخلہ کا پولیس لائنز ہیڈ کوارٹرز میں پاسنگ آئوٹ کی تقریب سے خطاب

منگل 23 جنوری 2018 18:42

دھرتی کو 100 فیصد محفوظ بنانے تک دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی، احسن ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2018ء) وفاقی وزیر داخلہ پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ دھرتی کو 100 فیصد محفوظ بنانے تک دہشت گردی کیخلاف جنگ جاری رہے گی، پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والے جان لیں کہ پاکستانی قوم مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، دنیا ہماری قربانیوں کا اعتراف کرے، کسی کو پاکستان میں دہشت گردی کرنے ،نہ ہی اپنی سرزمین کسی دوسرے ملک کیخلاف استعمال کرنے کی اجازت دیں گے، دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمیں متحد ہونا ہوگا، ایک دوسرے پر انگلی اٹھانے کا فائدہ دہشت گرد اٹھائینگے، ماضی میں ملک دہشت گردی کی وجہ سے اقتصادی بدحالی کا شکار تھا، حکومت نے چیلنجز قبول کر کے بحرانوں پر قابو پایا،امن کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کرسکتی ہم نے اقتصادی جنگ جیتنی ہے۔

(جاری ہے)

وزیر داخلہ نے یہ بات منگل کو پولیس لائنز ہیڈ کوارٹرز میں پاسنگ آئوٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دینے والے ہمارے ہیرو ہیں۔ ملک میں امن کی قیمت شہداء نے اپنے خون سے ادا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ پاس آئوٹ ہونیوالوں کو اپنے حلف کی لاج رکھنا ہوگی، ہمیں اپنے جوانوں کی مہارت پر فخر ہے جوانوں کی مہارت ،صلاحیتیں دیکھ کر خوشی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جوانوں نے اس بات کا ثبوت دیا ہے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف پرعزم ہیں، دہشت گردی کو شکست دینے کے لئے پاکستان کی بیٹیاں بھی شانہ بشانہ شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ملک دہشت گردی کی وجہ سے اقتصادی بدحالی کا شکار تھا، سیکیورٹی کی ناگفتہ بہ صورتحال کی وجہ سے کوئی سرمایہ لگانے کو تیار نہیں تھا ، حکومت نے چیلنجز کو قبول کیا اور بجلی سمیت دیگر بحرانوں پر قابو پایا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے 10ہزار میگاواٹ اضافی بجلی نظام میں شامل کی۔انہوں نے کہا کہ بجلی کی قلت کو پورا کرنا غیر معمولی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دھرتی کو 100 فیصد محفوظ بنانے تک دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔ پرامن، خوشحال اور متحدہ پاکستان دے کر جانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کو قائد کے خوابوں کی تعبیر بنانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مذہب کی بنیاد پر منافرت رکھنا تحریک پاکستان سے غداری ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں کسی مذہب کے ساتھ تعصب نہیں برتا جاتا پاکستان ایک گلدستہ ہے جس میں تمام رنگ اسے خوبصورت بناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دوہزار سے زائد علما نے فتویٰ جاری کیا ہے کہ آئین اسلام کے مطابق ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن اور ترقی چولی دامن کا ساتھ ہے۔

ہمیں تیزی سے آگے بڑھنا ہے قوم اب ترقی کے راستے پر گامزن ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دس برسوں میں ترقی کی، اب مزید ترقی کریں گے۔ ہمارے دشمن ہمیں لڑانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اور اسرائیل کے وزرائے اعظم کے مذاکرات کی باز گشت سنائی دیتی ہے تو ٹرمپ کی ٹویٹ کے اندر چھپا پیغام بھی نظر آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف ریاست کی اجازت سے جہاد کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امن کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کرسکتی ہم نے اقتصادی جنگ جیتنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی پاکستان پر میلی آنکھ ڈالے گا تو وہ جان لے کہ یہ قوم مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا ہماری قربانیوں کا اعتراف کرے، ہم کسی کو پاکستان میں دہشت گردی کی اجازت دیں گے نہ ہی اپنے ملک کی سرزمین کسی دوسرے ملک کیخلاف استعمال کرنے کی اجازت دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کیلئے اشتراک کرنا ہوگا اگر ایک دوسرے پر انگلی اٹھائیں گے تو اس کا فائدہ دہشت گرد اٹھائیں گے۔