وزیر اعظم خاقان عباسی سوئٹزلینڈ میں ہونے والے عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کرینگے،

ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کا 48 واں اجلاس تین روز تک جاری رہے گا

منگل 23 جنوری 2018 18:29

وزیر اعظم  خاقان عباسی سوئٹزلینڈ میں ہونے والے عالمی اقتصادی فورم کے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جنوری2018ء) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سوئٹزلینڈ میں ہونے والے عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کرینگے، دفترخارجہ سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق عالمی اقتصادی فورم اجلاس کا آغاز (23 جنوری) سے سوئٹرز لینڈ کے شہر ڈیووس میں ہورہا ہے، جہاں پاکستان کی نمائندگی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کریں گے۔

سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کا 48 واں اجلاس تین روز تک جاری رہے گا۔ اجلاس کے دوران 70 سے زائد ملکوں کے سربراہان، 38 سے زائد عالمی تنظیموں کے سربراہان جبکہ سیاست، کاروبار اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے 3 ہزار سے زائد افراد بھی شرکت کریں گے۔وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی ڈیووس میں کل ( 24جنوری ) سے اپنی مصروفیات کا آغاز کریں گے۔

(جاری ہے)

عالمی اقتصادی فورم میں شرکت کے دوران وزیراعظم شاہد خاقان عباسی عالمی بینک، بین الاقوامی مالیاتی فنڈ، ایشیائی ڈیولپمنٹ بینک، اسلامی ترقیاتی بینک کے سربراہوں کے علاوہ دیگر ممالک کے صدور اور وزرائے اعظم سے اہم ملاقاتیں کریں گے جن کے دوران دوطرفہ اقتصادی تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے بارے میں تبادلہ خیال ہوگا۔آئی ایم ایف کے منیجنگ ڈائریکٹر نے گزشتہ روز ورلڈ اکنامک فورم سے خطاب کے دوران یہ پیش گوئی کی تھی کہ پاکستان کی جی ڈی پی گروتھ 18-2017 میں بہت بڑھے گی اور پاکستان کی معیشت 2013 ء کی نسبت 2018ء میں نئی بلندیوں پر پہنچے گی۔

اس فورم میں ترقی، استحکام اور صنعت سمیت مختلف موضوعات پر بات کی جائے گی۔وزیر اعظم پاکستان وال اسٹریٹ جنرل، واشنگٹن پوسٹ، سی، این، این اور راٹرز سمیت دیگر بین الاقوامی میڈیا گروپس کو انٹرویو بھی دینگے۔عالمی اقتصادی فورم میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی بھی شریک ہیں جو آج شام کے سیشن میں خطاب کریں گے جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی فورم کے آخری روز یعنی جمعے کو اختتامی خطاب کریں گے۔واضح رہے کہ ڈیووس میں اِن دنوں موسم انتہائی سرد ہے اور برفباری نے معمولاتِ زندگی کو متاثر کر رکھا ہے۔

متعلقہ عنوان :