الزامات کی سیاست کرنے والوں کے پاس کوئی ایجنڈا اور ترقیاتی پروگرام نہیں ، لبٰنی ریحان پیرزادہ

منگل 23 جنوری 2018 18:11

راوالپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ایم پی اے لبنٰی ریحان پیرزادہ نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف اور خادم اعلٰی پنجاب میاں محمد شہباز شریف عوام کے دلوں میں رہتے ہیں ان کی انتھک محنت اور کاوشوں سے ملک ترقی کی جانب گامزن ہے عوام کے دلوں سے اپنے محبوب قائدین کی محبت نکالنا اپوزیشن کے بس کی بات نہیں، جس کا منہ بولتاثبوت سرگودھا اور ہری پور میں مسلم لیگ (ن) کے کامیاب جلسے ہیں ۔

گذشتہ روز اپنے بیان میں انھوں نے کہا کہ الزامات کی سیاست کرنے والوں کے پاس کوئی ایجنڈا اور ترقیاتی پروگرام نہیں، اس لیے سڑکوں پر جلائو گھیرائو کی سیاست سے زندہ رہنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں اور ایک دوسرے کو کرپٹ کہنے والے اقتدار کی خاطر ایک ہی جگہ جمع ہوگئے ہیں، مسترد شدہ سیاست دانوں کا یہ گروہ گھبراہٹ میں حکومت گرانے کی کوششوں میں مصروف ہے جس میں انہیں ہمیشہ کی طرح ناکامی ہوگی۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ لاہور کے جلسے میں عوام نے شرکت نہ کرکے اپوزیشن کی منفی سیاست کو مال روڈ پر دفن کردیا ہے اور عمران خان کی جانب سے پارلیمنٹ پر لعنت بھیجنا انکے اخلاقی اور سیاسی دیوالیہ پن کا ثبوت ہے عوام ایسی باتیں کرنے والوں کو اگلے الیکشن میں مسترد کردیں گے اور مثبت اور ترقی کی سیاست کی بدولت عام انتخابات 2018 ء کے الیکشن میں مسلم لیگ واضع برتری حاصل کرے گی۔