چین کا ہمارے دل میں اہم مقام ہی ، دونوں ہمسایہ ممالک کے مابین بے مثال دوستی پائی جاتی ہے

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی چینی سفیر یاؤ جنگ سے گفتگو

منگل 23 جنوری 2018 17:26

چین کا ہمارے دل میں اہم مقام ہی ، دونوں ہمسایہ ممالک کے مابین بے مثال ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2018ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ چین کا ہمارے دل میں اہم مقام ہے اور دونوں ہمسایہ ممالک کے مابین بے مثال دوستی پائی جاتی ہے جس کا دنیا میں کوئی ثانی نہیں ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کے روز پارلیمنٹ ہاوس میں پاکستان میں چین کے سفیر یاؤ جنگ سے ہونے والی اپنی ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

سپیکرنے کہا کہ ون بیلٹ ون روڈ منصوبہ اس صدی کا سب سے شاندار منصوبہ ہے اور پاک۔ چین اقتصادی راہداری اس منصوبہ کا ایک اہم حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سی پیک کے تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے پر عزم ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے اراکین پارلیمنٹ اور تاجر برادری کے مابین رابطوں کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

سپیکر نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تعلقات مشترکہ جغرافیائی ،اقتصادی ،تاریخی اور اسٹر ٹیجک مفادات پر مبنی ہیں اور دونوں دوست ممالک ہر مشکل وقت میں ایک دوسر ے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔

پاکستان میں منعقد ہونے والی پہلی سپیکرز کانفرنس کا ذکرکر تے ہوئے سر دار ایا زصادق نے کہا کہ ہمیں مسائل کو خطے کے اجتماعی دانش اور مشترکہ حکمت عملی سے حل کرنے چاہیں۔انہو ں نے مزید کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب ہم دہشت گردی کے ناسور پر مکمل طور پر قابو پالیں گے اور خطے کی تر قی اور خوشحالی کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز میں رابطوں کو فروغ حاصل ہوگا۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ کانفرنس پورے خطے کے لیے سو د مند ثابت ہو گی۔ سپیکر کو اسلا م آباد میں پہلی سپیکرز کانفرنس کے انعقاد پر مبارک باد دیتے ہوئے چین کے سفیر یاؤ جنگ نے اس کانفرنس کو پارلیمانی سفارتکاری کی خوبصورتی قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس کے انعقاد کا سہرا سپیکر قومی اسمبلی سر دار ایاز صادق کے سر جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن اور خوشحالی کے قیام کے لیے یہ کانفرنس تمام اسٹیک ہولڈر ز کے مابین پارلیمانی تعاون اور رابطوں کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہو گی۔ یاؤ جنگ نے کہا کہ ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان چین کی حقیقی قوت ہے۔انہوں نے کہا کہ چین کے اسٹرٹیجک شماروں میں پاکستان کو بڑی اہمیت حاصل ہے اور دونوں ممالک کی قیادتیں دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے لیے پر عزم ہیں۔انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور چین کے مابین قریبی تعاون خطے اور اس سے باہر چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔