فریڈم پارٹی کا شہداء ہندوارہ اور کپوارہ کو اُن کی برسیوں پر شاندار خراج عقیدت

منگل 23 جنوری 2018 16:50

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2018ء) مقبوضہ کشمیرمیںجموںو کشمیر ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی نے شہداء ہندوارہ اور کپوارہ کو اُن کی برسیوں پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ گائو کدل ،ہندوارہ اور کپوارہ میںقتل عام کے واقعات بھارت کے جابرانہ تسلط اور ظلم وجبرکے آئینہ دار ہیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فریڈم پارٹی کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ یہ سانحات بھارتی سفاکیت کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

انہوںنے کہاکہ کشمیری قوم شہدا کی مقروض ہے جنہوں نے حصول آزادی کیلئے اپنا گرم گرم لہو پیش کیاہے۔ترجمان نے کہا کہ بھارتی فورسز نے جنوری 1990ء سے کشمیریوں کا قتل عام شروع کیا جب مظلوم کشمیری عوام نے اپنے جائز حقوق کیلئے آواز بلند کی۔

(جاری ہے)

بھارتی فورسز نے 1990ء میں صرف21جنوری سی27جنوری تک دو سو سے زائدمعصوم کشمیریوں کو شہید کیا۔انہوں نے کہاکہ بھارت نے تمام سامراجی حربے آزما کر کشمیریوں کی جائز جد و جہد کو دبانے کی کوشش کی لیکن کشمیری عوام کے جذبہ آزادی سے اس کو ہر دفعہ ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔

انہوںنے کہاکہ بھارت کو کشمیر میںیوم جمہوریہ منانے کا کوئی حق نہیں کیونکہ وہ کشمیریوں کی جمہوری جد و جہد کو دبانے کے لیے ہر غیر جمہوری ہتھکنڈہ استعمال کرہاہے۔ وہ جمہوری اصولوں کو بالائے طاق رکھ کرکشمیر میں نہتے عوام اور پر امن مظاہرین کو شہید کررہا ہے۔