چین اور جنوبی کوریا نے شمسی توانائی پینلز اور واشنگ مشینوں کی درآمد پر بھاری امریکی محصولات کا نفاذ مسترد کردیا

منگل 23 جنوری 2018 15:46

بیجنگ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2018ء) چین اور جنوبی کوریا نے امریکا کی جانب سے شمسی توانائی کے پینلز اور واشنگ مشینوں کی درآمد پر بھاری محصولات کے نفاذ کے فیصلے کو مسترد کردیا ہے۔امریکی صدر نے حالیہ فیصلے میں آئندہ تین سال کے دوران بڑی واشنگ مشینوں کی درآمد پر 50 فیصد اور چار سال میں شمسی توانائی کے پینلز پر 30 فیصد محصول وصول کرنے کی منظوری دی ہے جس کا مقصد ملکی مصنوعات کو تحفظ دینا ہے۔

جنوبی کوریا کے وزیر تجارت کم ہیون چانگ نے گزشتہ روز ایک بیان میں کہا کہ امریکی صدر کی جانب سے بھاری ٹیکسوں کا نفاذ زیادتی اور عالمی ادارہ برائے تجارت کے اصولوں کے خلاف ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک نے سابق صدر جارج ڈبلیو بش کے دور میں امریکا کے ساتھ آزادانہ تجارت کا معاہدہ کررکھا ہے،نئے امریکی اقدام کے خلاف عالمی ادارہ برائے تجارت میں مقدمہ دائر کریں گے۔

(جاری ہے)

ملک کی سب سے بڑی کمپنی سام سنگ کا کہنا ہے کہ نئے امریکی محصولات دراصل ہر اس صارف پر ٹیکس ہے جو واشنگ مشین خریدنا چاہتا ہے۔ادھر چینی وزارت تجارت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ عالمی ادارہ برائے تجارت کے دیگر رکن ملکوں کے ساتھ مل کر اپنے مفاد کا دفاع کرے گا تاہم متوقع اقدامات بارے آگاہ نہیں کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :