بھائیوں میں آج تک تقسیم نہیں ہوئی نہ کبھی ہو گی ۔ مسلم لیگ ن کے صدرنواز شریف

پورے ملک میں صرف مجھے ہی جلدی انصاف فراہم کیا جا رہا ہے ، ملک کی غریب عوام کا نام بھی میرے ساتھ لکھ دیں شاید ان کو بھی انصاف مل جائے۔دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو رہا ہے تو ہونے دیں، نیب ابھی تک شواہد کی تلاش میں ہے۔ بیرون ملک جا کر یہ لوگ کن سے ملاقاتیں کر رہے ہیں؟ سابق وزیرا عظم نواز شریف کی صحافیوں اور میڈیا کارکنوں سے گفتگو

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 23 جنوری 2018 14:58

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 جنوری 2018ء) : سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ ہم بھائیوں میں آج تک تقسیم ہوئی نہ کبھی آئندہ ہو گی۔ میڈیا کارکنان اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے صدر کا کہنا تھا کہ نیب کب تک ثبوتوں کی تلاش میں رہے گی ؟ نیب کو ثبوت نہیں مل رہے ، نہ جانے یہ لوگ بیرون ملک کن سے ملاقاتیں کرتے ہیں۔ نیب کے پاس کوئی شواہد نہیں ہیں، پھر بھی معاملے کو لٹکایا جا رہا ہے۔

دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہونے دیں۔ نواز شریف نے عدلیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ججز اسپتالوں میں ضرور جائیں لیکن اپنے گھر کی بھی خبر لیں۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کو کسی نے قبول نہیں کیا ۔اور ججز بھی یہ بات جانتے ہیں کہ کسی نے ان کے فیصلے کو قبول نہیں کیا۔

(جاری ہے)

عوام نے بھی ججز کا فیصلہ مسترد کر دیا۔ نیب بتائے کہ ریفرنس پر ریفرنس کی کیا وجہ ہے ، سب کچھ مکمل ہو گیا اب تو کیسز کا فیصلہ ہونا چاہئیے۔

ابھی اور کتنا وقت چاہئیے؟ ، نیب والے کیا کھیل رہے ہیں،اب میرے خلاف ضمنی ریفرنس لائے جا رہے ہیں۔ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو رہا ہے ، معاملہ سب کے سامنے آنے دیا جائے۔ معاملے کو کور کرنے کی کوشش کیوں ہو رہی ہے ۔ جس نے ترقیاتی کام کیے وہ عدالتوں کا سامنا کر رہا ہے لیکن جس نے آئین اور قانون توڑا وہ ملک سے باہر بیٹھا ہے۔ یہ انصاف کا کیسا معیار ہے؟ انہوں نے کہا کہ میرے لیے پوری جماعت اور قوم پوری طرح متحد ہے ، اور یہی عوامی اتفاق کا ثبوت ہے۔

ملک میں صرف مجھے ہی فوری انصاف مل رہا ہے ۔ کسی غریب یا عام آدمی کے ساتھ میرا نام لگا دیا جائے تو اسے بھی جلد انصاف مل جائے گا۔ ججز کو میرے سوائے کوئی کام نہیں ہے۔ میں بنچ میں موجود ججز کی بات کر رہا ہوں۔ سابق وزیر اعظم نے کہا کہ مجھے الیکشن سےمتعلق کوئی خدشہ نہیں ہے ، میں کوئی نجومی نہیں ہوں لیکن پارلیمنٹ کے الیکشن وقت پر ہونے اور وقت پر ہی چاہئیں ہوں گے۔

عوام مایوسی کا شکار ہیں۔ عدلیہ میں مزید ریفارمز کی ضرورت ہے۔ کئی کئی سال سے کیسز پڑے ہیں لیکن کسی کا فیصلہ نہیں کیا گیا۔جبکہ میرا فیصلہ چھ ماہ میں کرنے کا کہہ دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ زینب قتل کیس سے متعلق بات کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ زینب قتل کیس پر سیاست نہ کی جائے ، زینب قتل کیس پر سیاست کرنے والے مردان میں عاصمہ کی خبر لیں ۔