زینب قتل کیس میں اہم پیش رفت‘پولیس کا مرکزی ملزم کو گرفتار کرنے کا دعوی‘ملزم کو ڈی این اے میچ کرنے پر گرفتار کیا گیا-پولیس حکام

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 23 جنوری 2018 14:52

زینب قتل کیس میں اہم پیش رفت‘پولیس کا مرکزی ملزم کو گرفتار کرنے کا ..
قصور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔23 جنوری۔2018ء) زینب قتل کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، پولیس نے دعوی کیا ہے کہ مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے ‘پولیس کے مطابق ملزم نے اعتراف جرم بھی کرلیا ہے۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران نامی ملزم زینب کے گھر واقع کورٹ روڈ کا رہائشی ہے۔ملزم عمران کو ڈی این اے میچ ہونے پر شناخت کیا گیا، ملزم کو زینب کیس کے شبہ میں ایک بار پکڑ کر چھوڑ دیا گیا تھا، جس کے بعد ملزم کچھ دنوں سے غائب تھا اب پولیس نے اشے دوبارہ پکڑ لیا ہے۔

ملزم کی عمر 35 سے 36 سال ہے جو مقتول بچی کا دور کا رشتے دار بتایا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق مقتول بچی اور ملزم کے گھر والوں کے ایک دوسرے سے اچھے تعلقات تھے اور ایک دوسرے کے گھر آنا جانا تھا۔

(جاری ہے)

ذرائع کا یہ بھی بتانا تھا کہ زینب کے قتل کے بعد قصور میں ہونے والے ہنگاموں کے دوران ملزم پہلے پاک پتن فرار ہوا اور پھر وہاں سے عارف والا چلا گیا۔وزیر اعلیٰ شہباز شریف کو ملزم کی گرفتاری سے آگاہ کردیا گیا ہے -پنجاب حکومت کے ترجمان ملک احمد خان نے زینب قتل کیس میں ملزم کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ملزم عمران کو پاک پتن کے قریب سے گرفتار کیا گیا جو حلیہ تبدیل کرتا رہا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ تفصیلی ڈی این اے رپورٹ آنے کے بعد ہی تصدیق کرسکوں گا، فارنزک لیب سے رپورٹ کے لئے 7بجے کا وقت دیا ہے۔ترجمان نے بتایا کہ زینب قتل کیس کی تحقیقات کے لئے 600سے زائد افراد کا ڈی این اے کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :