سلووینیا فلسطین کو تسلیم کرنے پر تیار، 31جنوری کو ووٹنگ ہوگی

خارجہ امور کمیٹی کے اجلاس میں تجویز کی منظوری دی جائے گی جسے ووٹنگ کے لیے پارلیمنٹ بھیجاجائیگا،وزیرخارجہ

منگل 23 جنوری 2018 15:40

سلووینیا فلسطین کو تسلیم کرنے پر تیار، 31جنوری کو ووٹنگ ہوگی
برسلز(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2018ء) سلووینیا کے وزیر خارجہ کارل ایریاویک نے کہاہے کہ ان کے ملک کی حکومت امید رکھتی ہے کہ سلووینی پارلیمنٹ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے فیصلے کے حق میں ووٹ دے گی۔ اس طرح سلووینیا یورپی یونین کا دوسرا رکن ملک بن جائے گا جس نے فلسطین کو تسلیم کیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایریاویک نے نجی ٹی وی سے بات چیت میں کہاکہ یورپی یونین کے تمام ممالک سلووینیا کے اس اقدام کی تائید کرتے ہیں جو پارلیمنٹ کی جانب سے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کی تجویز پر گرین سگنل دینے پر عمل میں آئے گا۔

ایریاویک کے مطابق سلووینیا کی جانب سے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کی صورت میں ان کا ملک مشرق وسطی میں امن عمل کے سلسلے میں فلسطینی موقف کو مضبوط بنائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے باور کرایا کہ ہماری ایک خود مختار خارجہ پالیسی ہے اور ہمیں اس سلسلے میں کسی دوسرے ملک کی معاونت کی ضرورت نہیں۔سلووینیا کے وزیر خارجہ کی یہ گفتگو برسلز سے سامنے آئی ہے جہاں فلسطینی صدر محمود عباس نے یورپی وزرائے خارجہ سے ملاقات میں اٴْن پر فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے لیے زور دیا تھا۔

ایریاویک اور محمود عباس کے درمیان خصوصی ملاقات ہوئی تھی۔یورپی یونین کے 28 رکن ممالک میں سویڈن وہ پہلا ملک تھا جس نے 2014 میں سرکاری طور پر فلسطینی ریاست کو قبول کیا۔سلووینیا کے پارلیمنٹ میں خارجہ امور کی کمیٹی کا اجلاس 31 جنوری کو ہو گا۔ اجلاس میں تجویز کی منظوری دی جائے گی جس کے بعد اسے رائے شماری کے لیے پارلیمنٹ میں ارسال کیا جائے گا۔ سرکاری ٹی وی کے مطابق رائے شماری کا عمل مارچ یا اپریل میں منعقد اجلاس میں ہو سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :