یورپین سنٹرل بینک کے صدر بلاک میں افراط زر کی نسبت تیز اقتصادی ترقی کی صورتحال میں بہتری کے لیے جمعرات کو اپنا لائحہ عمل رکن ملکوں کے سامنے رکھیں گے

رکن ممالک افراط زرکی نسبت تیز ترقی پر منقسم، اعلیٰ بینکار قرضوں پر سود کی شرح میں اضافے کے حامی ہیں

منگل 23 جنوری 2018 15:06

فرینکفرٹ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2018ء) یورپین سنٹرل بینک کے صدر ماریو دراغی بلاک میں افراط زر کے مقابلے میں تیز اقتصادی ترقی کی صورتحال میں بہتری کے لیے جمعرات کو اپنا لائحہ عمل پریس کانفرنس کے ذریعے رکن ملکوں کے سامنے رکھیں گے۔ رکن ممالک افراط زرکی نسبت تیز ترقی کے باعث منقسم ہوچکے ہیں۔ اعلیٰ بینکار بلاک میں قرضوں پر سود کی شرح میں اضافے کے حامی ہیں۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق یورپین سنٹرل بینک کی گورننگ کونسل کا اجلاس جلد متوقع ہے جس میں بانڈز کی خریداری کے عمل میں کمی اور قرضوں پر سود کی شرح میں اضافے پر غور کیا جائے گا۔انھوں نے بتایا کہ یورپین سنٹرل بینک بذات خود قریبا 2.3 ٹریلین یورو (2.8 ٹریلین ڈالر) کے حکومتی اور تجارتی بانڈز خرید چکا اور بینکوں کو بڑی مقدار میں آسان شرائط پر قرضے فراہم کرچکا ہے جس کا مقصد بلاک میں افراط زر کی شرح میں اضافہ کرنا ہے جو اس کے 2 فیصد کے ہدف سے کہیں کم ہے۔

(جاری ہے)

یورپین بینک دیگر عالمی بینکوں کی طرح اس صورتحال پر پریشان ہے کہ 2017ء کے دوران بلاک کی اقتصادی شرح نمو 2.4 فیصد رہی اور بیروزگاری کی شرح میں کمی بھی دیکھنے میں آئی تاہم اشیاء کی قیمتوں میں اتنی تیزی سے اضافہ نہیں ہوا۔بلاک میں دسمبر کے دوران افراط زر کی شرح گر کر 1.4 فیصد رہی جو یورپین بینک کے ہدف سے کہیں کم ہے، ماہرین کے اندازوں کے مطابق یہ 2020ء تک بڑھ کر صرف 1.7 فیصد تک جاسکے گی۔