بغیرلائسنس میڈیکل سٹورچلاناجرم ہے،ڈپٹی کمشنر

منگل 23 جنوری 2018 15:06

سرگودھا۔23جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2018ء)ڈپٹی کمشنر سرگودھا لیاقت علی چٹھہ نے کہا ہے کہ بغیر لائسنس میڈیکل سٹورچلاناجرم ہے،میڈیکل سٹورز پر پریکٹس کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی ، ڈرگ انسپکٹر ز کو عطائیت کے خلاف بھر پور کریک ڈائون کا سلسلہ جاری رکھنا چاہیے، ڈرگ انسپکٹر کی گزشتہ ماہ کی کارروائی قابل ِستائش رہی اورانہیں یہ سلسلہ آئندہ بھی برقرار رکھنا چاہیے ،وہ ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کے اجلاس کی صدار ت کر رہے تھے، اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر (ہیلتھ) اتھارٹی ڈاکٹر نصرت ریاض، سیکریٹری کوالٹی کنٹرول بورڈظفر اقبال اور چیف میڈیکل سپیشلسٹ ڈاکٹر ملک محمد خان اورڈسٹرکٹ ڈرگ انسپکٹر اورتحصیل ڈرگ انسپکٹرز نے شرکت کی، اجلاس میں 32کیس پیش ہوئے جن میں سے تیرہ کیسں کی پراسیکیوشن،سو لہ کووارننگ اور تین کے دوبارہ دورہ کی ہدایت کی، ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عطائیت کی آڑ میں انسانوںکی زندگیوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی ، انہوں نے میڈیکل سٹورز پر غیرمعیاری، جعلی اور زائد المعیادادویات کی فروخت پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عطائیت اور بغیر لائسنس میڈیکل سٹورز کیخلاف کارروائی کا بھرپورعز م رکھتی ہے، ایسے لوگ کسی رعایت کے مستحق نہیں حکومت نے غیرمعیاری ادویات کی فروخت اور کوالیفائڈ پرسن کے علاوہ کسی کے پریکٹس کرنے کیخلاف سخت پالیسی وضع کی ہے، پالیسی پر عمل درآمد کیلئے قانون سازی کر لی گئی ہے تا کہ ملک سے عطائیت کی حوصلہ شکنی ہو اور کوالیفائڈ لوگ بھی علاج معالجہ کی حساس ذمہ داریاں انجام د ے سکیں، حکومت نے غیرمعیاری، جعلی اور زائدالمیعاد ادویات کی فروخت کرنے والے افراد سے نمٹنے کیلئے سزائوں میں اضافہ کر دیا ہے۔