ہائیکورٹ نے ساحر لودھی کیخلاف دائر درخوست نمٹا دی،

پیمرا کو قانون کے مطابق کارروائی کا حکم

منگل 23 جنوری 2018 14:17

ہائیکورٹ نے ساحر لودھی کیخلاف دائر درخوست نمٹا دی،
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2018ء) لاہورہائیکورٹ نے معروف میزبان و اداکار ساحر لودھی کے مارننگ شو میں کم عمر بچیوں کے ناچ گانے پر پابندی کے لیے دائر درخواست نمٹاتے ہوئے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کو بھجوا دی اور قانون کے مطابق کارروائی کرنے کا حکم دیدیا ۔گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ نے کے روبرو درخواست گزار نے ساحر لودھی کے مارننگ شو پر پابندی کے لیے دائر درخواست میں وفاقی حکومت، پیمرا، ساحر لودھی اور دیگرکو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ ساحر لودھی کے پروگرام میں کم عمر بچیوں کے ناچ گانے کے مقابلے دکھائے جاتے ہیں، کم عمر بچیوں کا رقص نشر کرنے سے معاشرہ بے راہ روی کا شکار ہورہا ہے جس سے قصور جیسے واقعات جنم لے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

درخواستگزار نے موقف اختیار کرتے ہوئے کہا تھا کہ پیمرا ایسے پروگراموں کی نشریات کی روک تھام کے لیے کوئی اقدامات نہیں کررہا، عدالت پیمرا کو ساحرلودھی کے پروگرام میں کم عمر لڑکیوں کے ناچ گانے نشر کرنے پر پابندی کا حکم دے۔عدالت نے درخواست نمٹاتے ہوئے پیمرا کو بھجوادی اور تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے نگراں ادارے کو حکم دیا کہ درخواست گزار کو سن کر قانون کے مطابق شکایت کا ازالہ کیا جائے۔

واضح رہے کہ نامور میزبان و اداکار ساحر لودھی گزشتہ کچھ عرصے سے مارننگ شو میں کم عمر بچیوں سے ناچ گانا کروانے کے حوالے سے شدید تنقید کا شکار ہیں، سوشل میڈیا صارفین نے ساحر لودھی اور ان کے شو پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کاشو معاشرے میں بے راہ روی پھیلانے کا باعث بن رہا ہے، لہذا ان کے شو کو بند کیا جانا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :