Live Updates

جو بھی پارلیمنٹ پر لعنت بھیجے پوری قوم اس پر لعنت بھیجے‘

پارلیمنٹ کے وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کی رولنگ

منگل 23 جنوری 2018 13:55

جو بھی پارلیمنٹ پر لعنت بھیجے پوری قوم اس پر لعنت بھیجے‘
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2018ء) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے رولنگ دی ہے جو بھی پارلیمنٹ پر لعنت بھیجے پوری قوم اس پر لعنت بھیجے‘ پارلیمنٹ کے وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ منگل کو قومی اسمبلی میں ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ پوری قوم دیکھ رہی ہے، اس ہائوس کو رولز کے مطابق چلایا جائے۔ انہوں نے پی ٹی آئی کے رکن عامر ڈوگر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دل میں جو بات آتی ہے وہ کہہ دیتے ہیں، اس سے اجتناب کریں۔

ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ جس روز یہ معاملہ ایوان میں اٹھایا گیا اسی دن توجہ دلائو نوٹس کے بعد شہریار آفریدی اور مراد سعید سے کہا کہ وہ بات کریں گے تاہم انہوں نے جو کچھ کیا وہ سب کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اس پارلیمنٹ کا کسٹوڈین ہوں اور میں رولنگ دیتا ہوں کہ جو پارلیمنٹ پر لعنت بھیجے پوری قوم اس پر لعنت بھیجے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا ہے کہ لعنت لعنت کرنے والا پاکستانی سیاست سے خود لعنتی ہو جائے گا‘ تاریخ میں پارلیمنٹ اور سپیکر کے عہدے کی ایسی توہین کبھی نہیں ہوئی‘ چار سالوں میں بھی جو لوگ سیاسی تربیت حاصل نہ کر سکیں ان کے لئے کوئی رولنگ نہیں دے سکتا۔

قبل ازیں قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کے اراکین نے شدید ہنگامہ آرائی کی۔ تحریک انصاف کے اراکین شہریار آفریدی کی قیادت میں سپیکر ڈائس کے سامنے جاکر اونچی آواز میں بولنا شروع ہوگئے پارلیمنٹ اور سپیکر کو برا بھلا کہتے رہے۔ اس سے قبل قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے اراکین کی جانب سے شور شرابے اور پی ٹی آئی کے رکن شہریار خان آفریدی کی جانب سے لعنت ملامت کے الفاظ استعمال کرنے پر دیگر جماعتوں نے احتجاج کیا۔

پیپلز پارٹی کے رکن عبدالستار بچانی نے کہا کہ تحریک انصاف کے اراکین پارلیمنٹ اور سپیکر کے عہدے پر لعنت بھیج رہے ہیں۔ ان کے حوالے سے رولنگ دی جائے۔ ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ تاریخ میں پارلیمنٹ اور سپیکر کے عہدے کی ایسی توہین کبھی نہیں ہوئی۔ چار سالوں میں بھی جو لوگ سیاسی تربیت حاصل نہ کر سکیں ان کے لئے کوئی رولنگ نہیں دے سکتا۔ میں ایوان کو تجویز دیتا ہوں کہ ارکان ایسی قانون سازی کریں جس سے سیاسی جماعتوں اور ارکان کو پارلیمنٹ کی توہین سے روکا جاسکے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات