کسی بھی بھارتی وزیر اعظم کی ورلڈ اکنامک فورم میں 20سال بعد پہلی مرتبہ شرکت

داووس میں کانفرنس کے موقع پر مودی سرمایہ کاروں کو لبھانے کی کوشش میں،130رکنی وفد کے ہمراہ پہنچ گئے

منگل 23 جنوری 2018 11:57

کسی بھی بھارتی وزیر اعظم کی ورلڈ اکنامک فورم میں 20سال بعد پہلی مرتبہ ..
دادوس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2018ء) بھارتی وزیراعظم نریندرامودی نے کہاہے کہ وہ داووس میں عالمی کانفرنس کے موقع پر بین الاقوامی برداری کے ساتھ بھارت کے مستقبل کے بارے میں اپنے نظریات پیش کروں گا۔ مجھے یقین ہے کہ باہمی ملاقاتیں سود مند رہیں گی۔ ان ملکوں کے ساتھ ہمارے تعلقات اور اقتصادی تعاون مضبوط ہوں گے۔ بھارتی ٹی وی کے مطابق بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی داووس میں موجود ہیں جہاں وہ ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس میں دنیا کو بھارت کی اقتصادی ترقی سے آگاہ کریں گے اور اپنے یہاں سرمایہ کاری کے لیے راغب کرنے کی کوشش کریں گے۔

کسی بھارتی وزیر اعظم کی ورلڈ اکنامک فورم میں دو دہائی سے زیادہ عرصہ کے بعد یہ پہلی شرکت ہے۔ اس سے قبل 1997 میں اس وقت کے وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا داووس اجلاس میں شریک ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

درمیانی مدت میں بھارتی وزیر خزانہ،کوئی دوسرا وزیر یا پھر اعلٰی عہدیدار بھارت کی نمائندگی کرتے رہے ہیں۔داووس روانہ ہونے سے قبل انہوں نے ٹوئیٹ کیاکہ داووس میں میں بین الاقوامی برداری کے ساتھ بھارت کے مستقبل کے بارے میں اپنے نظریات پیش کروں گا۔

مجھے یقین ہے کہ باہمی ملاقاتیں سود مند رہیں گی۔ ان ملکوں کے ساتھ ہمارے تعلقات اور اقتصادی تعاون مضبوط ہوں گے۔ روانگی سے قبل وزیر اعظم نریندر مودی نے بھارت میں ایک ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ وہ دنیا کو بھارت میں ہوئے اقتصادی اصلاحات کے بارے میں بتائیں گے، یہ ان کا کام ہے کہ دنیا کو بتائیں کہ بھارت نئی بلندیوں کو چھورہا ہے اور انہیں یہ موقع ملا ہے تو وہ اس کا بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔

نریندر مودی کے ساتھ بھارتی وزیر خزانہ، وزیر صنعت، وزیر کوئلہ، وزیرپٹرولیم، امور خارجہ کے وزیر مملکت اور وزیر اعظم کے دفتر میں خصوصی وزیر کے علاوہ اعلٰی افسران، سفارت کاروں اور 130بھارتی کاروباری افراد پر مشتمل ایک بہت بڑا وفد بھی داووس میں موجود رہے گا۔ یہ داووس میں بھارت کا اب تک کا سب سے بڑا وفد ہے۔چار دنوں تک چلنے والے عالمی اکنامک فورم کے اجلاس کے دوران بھارت غیر ملکی سرمایہ کاروں کو لٴْبھانے کی ہر ممکن کوشش کرے گا۔

بھارت یہ بتانے کی کوشش بھی کرے گا کہ مودی حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد سے بھارت میں تجارت کرنے میں سہولت پیدا کرنے کے لیے متعدد اقدامات اور اقتصادی و ٹیکس اصلاحات لاگو کی گئی ہیں۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم مودی اپنے فلیگ شپ پروگرام ’میک ان انڈیا‘ کو خصوصی طورپر پیش کریں گے۔ اس پروگرام کے تحت غیر ملکی سرمایہ کاروں کو بھارت میں آکر مینوفیکچرنگ کرنے کے لیے کئی طرح کی سہولیات دی جاتی ہیں۔ گوکہ بہت سے ملکوں نے اس پروگرام میں دلچسپی ظاہر کی ہے تاہم اب تک عملی طور پر کوئی خاطر خواہ کامیابی نہیں مل سکی ہے۔وزیر اعظم کے ساتھ جو وفد داووس پہنچا ہے اس میں شامل تجارتی دنیا کی اہم شخصیات کو بھی اس صورت حال کا احساس ہے۔

متعلقہ عنوان :