مجھ پر بھروسہ نہیں کیا جا ر ہا،جنگ کے دوران بمباری سے کئی دفعہ معصوم لوگ بھی مارے جاتے ہیں،نقیب اللہ کی ہلا کت میں میری کوئی بدیانتی نہیں مگر غلطی ہو سکتی ہے، خراسانی نے مجھے قتل کرنے کی دھمکی دی ہے،سا بق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار

پیر 22 جنوری 2018 23:42

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جنوری2018ء) نقیب محسود کے قتل کے بعد برطرف کردہ ایس ایس پی ملیر راؤ انوار نے کہا ہے کہ مجھ پر بھروسہ نہیں کیا جا ر ہا، 4 دہشتگرد مارے گئے مگر صرف ایک پر آواز اٹھائی جا رہی ہے۔راؤ انوار نے یہ بھی کہا کہ جنگ میں کہیں غلطی ہو سکتی ہے، جنگ کے دوران بمباری سے کئی دفعہ معصوم لوگ بھی مارے جاتے ہیں، میری کوئی بدیانتی نہیں مگر غلطی ہو سکتی ہے، مجھے موقع نہیں دیا گیا۔

راؤ انوار نے پیر کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کر تے ہو ئے کہا کہ جمعرات کو کمیٹی کی جانب سے پیشی کا نوٹس ملا، نوٹس میں جمعے کو پیش ہونے کا کہا گیا، جمعے کو 11 بجے ٹیم کے ہمراہ پہنچ گیا تھا، میں بیان پہلے ہی کمیٹی کو دے چکا ہوں، میڈیا کو 4 دہشتگردوں کی ہلاکت کی خبر دی لیکن آواز صرف ایک پر اٹھائی جا رہی ہے، ایک رات میں ایسا ماحول بنا دیا گیا کہ جیسے میں نے نقیب اللہ کو پکڑا اور مارا ہو، ایسے ماحول میں جا کر کیا بیان دیتا،راؤ انوار نے مزید کہا کہ خراسانی نے مجھے قتل کرنے کی دھمکی دی ہے، سب سے پہلے وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ نقیب اللہ مارا گیا ہے، اب کہا جا رہا ہے کہ وہ بے گناہ ہے، میں نے معلومات لیں تو مقدمات میں نقیب اللہ کا نام تھا، دہشت گردوں کیساتھ مقابلے کے بعد میں وہاں پہنچا تھا، میڈیا کو چاروں دہشتگردوں کی ہلاک کی خبر دی تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ جب میں نے نقیب کے متعلق معلومات لیں تو 2 ایف آئی آرز میں نقیب اللہ کا نام تھا، میں نے تو صرف شناخت میں مدد کی تھی لیکن راتوں رات ہی ایسا ماحول بنایا گیا جیسے میں نے ان کو مار دیا ہے، میرے چھوٹے چھوٹے بچے ہیں، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں ہم سب لڑ رہے ہیں، اس جنگ کو خدارا راؤ انوار کی جنگ نہ سمجھا جائے۔انہوں نے کہا کہ کراچی دہشت گردوں کی آماجگاہ بنا ہوا تھا، ملیر ضلع، سہراب گوٹھ، شیر پاؤ کالونی، جنجال گوٹھ میں دنیا بھر کے کریمنل رہتے تھے، اب وہاں ایشیا کی سب سے بڑی سبزی منڈی ہے، یہ ساری چیزیں ان ضلعوں سے ختم ہوئی ہیں، یہاں کے لوگ مجھے دعائیں دیتے ہیں، لیکن ایسا ماحول بنایا گیا جیسے سب کچھ میں نے کر دیا ہے حالانکہ یہ راؤ انوار کی جنگ نہیں، میں صرف اس جنگ کا سپاہی ہوں، یہ جنگ ملک کے لئے لڑ رہا ہوں۔

متعلقہ عنوان :