سکھر انتظامیہ کا شہر کے اندر ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن تجاوزات ہٹادی گئیں

پیر 22 جنوری 2018 23:41

سکھر۔22جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2018ء) سکھر انتظامیہ کا شہر کے اندر ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن، کئی دکانوں اور ہوٹلوں کے چھپرے اور پتھارے ہٹادیئے گئے۔ ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بے ہوئے سامان اور گاڑیاں تحویل میں لی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر سکھر رحیم بخش میتلو کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر سکھر سٹی اویس مشتاق نے میونسپل عملے اور پولیس کے ہمراہ بیراج روڈ، تیر چوک، حرا میڈیکل سینٹر روڈ اور دیگر علاقوں میں ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا۔

انتظامیہ کی جانب سے مختلف علاقوں میں ہوٹلوں اور دکانوں کے آگے غیرقانونی طریقے سے بنائے گئے پتھارے اور چھپرے مسمات کئے گئے جبکہ ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بنے ہوئے دکانوں کے آگے رکھے ہوئے سامان کو بھی میونسپل عملے نے اپنی تحویل میں لے لیا۔

(جاری ہے)

اسی طرح آپریشن کے دوران شہر کے کاروباری علاقوں میں بے ترتیب پارک کی گئی گاڑیاں بھی لوڈ کرکے میونسپل آفس سکھر روانی کی گئیں، جبکہ مختلف مقامات پر تعیمراتی کام کیلئے سڑکوں پر رکھا گیا مٹیریل بھی اٹھوایا گیا۔

سکھر انتظامیہ کی جانب سے چارلی سروس کے ذریعے اعلانات کرکے شہریوں کوناجائز تجاوزات ہٹانے کی اپیل کی گئی ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر سکھر سٹی اویس مشتاق کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر سکھر رحیم بخش میتلو کی جانب سے سکھر شہر میں ناجائز تجاوزات ہٹانے کیلئے سخت احکامات جاری کیے گئے ہیں اور اس ضمن مین کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔