بلوچستان کے قدرتی و دیگر وسائل کو ترقی دے کر صوبے کو خود انحصاری کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے۔ ہم ماضی سے ہٹ کر بلوچستان کے وسائل کی ترقی کے لئے جامع پالیسی مرتب کرینگے ،وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو

پیر 22 جنوری 2018 23:40

کوئٹہ۔ 22جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2018ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجونے کہا ہے کہ بلوچستان کے قدرتی و دیگر وسائل کو ترقی دے کر صوبے کو خود انحصاری کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے۔ ہم ماضی سے ہٹ کر بلوچستان کے وسائل کی ترقی کے لئے جامع پالیسی مرتب کرینگے اور بیرونی سرمایہ کاروں کے لئے راستے کھول کر سرمایہ کاری کو فروغ دینگے۔

ہماری تمام تر توجہ پائیدار امن کے قیام اور صوبے کے وسائل عوام کے مفاد میں بروئے کار لانے کی جانب مبذول رہے گی اور مختلف شعبوں میں بیرونی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کیا جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چین کی سیمنٹ اور تعمیراتی کمپنی وی یی Weyeکے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر ژی وی ژانگ(Dr. Yiwei Zhang)سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے پیر کے روز یہاں ان سے ملاقات کی اور انہیں اپنی کمپنی کے بارے میں بریفینگ دیتے ہوئے بلوچستان میں تعمیراتی شعبہ میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

سابق صوبائی وزیر میر فائق علی جمالی، چیف سیکرٹری بلوچستان اورنگزیب حق، ایڈیشنل چیف سیکرٹری (ترقی و منصوبہ بندی) نصیب اللہ بازئی اور متعلقہ محکموںکے سیکرٹریز بھی ملاقات میں موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ نے چین پاکستان اقتصادی راہداری سمیت دیگر منصوبوں میں چین کے تعاون اور اشتراک کو خطے میں اقتصادی اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کی ایک نئی جہت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان منصوبوں بلخصوص سی پیک میں بلوچستان کوکلیدی اہمیت حاصل ہے ہم چاہتے ہیں کہ بلوچستان کے عوام اس عظیم منصوبے کے ثمرات سے جلد از جلد مستفیدہوں اس حوالے سے انہوں نے بتایا کہ سی پیک سے متعلق بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں پر کام کو تیز کیا جائے اور وہ خود اس کی نگرانی کریں گے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اپنے بے پناہ قدرتی وسائل کے باعث بلوچستان منفرد خطہ ہے جو معاشی طور پر مستحکم پاکستان کی بنیاد فراہم کرتا ہے ہم اپنے وسائل کو ملک اور صوبے کی ترقی اور خوشحالی کیلئے بروئے کار لائینگے ۔ وزیر اعلیٰ نے چینی کمپنی کی جانب سے تعمیراتی ودیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتے ہوئے یقین دلایا کہ صوبائی حکومت سرمایہ کاروں کو سرمایہ کار دوست ماحول فراہم کریگی سرمایہ کار آئیں اور بلوچستان میں منافع بخش سرمایہ کاری کریں۔انھوں نے کہا کہ حکومت صو بے میں سر مایہ کاری کر نے والوں کو ہر طرح کا تحفظ اور سہو لتیں فراہم کرے گی۔

متعلقہ عنوان :