وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجونے ضلعی چیئرمینوں کی تنخواہوں کے فوری اجراء کی منظوری دے دی

پیر 22 جنوری 2018 23:40

کوئٹہ۔ 22جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2018ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجونے ضلعی چیئرمینوں کی تنخواہوں کے فوری اجراء کی منظوری دے دی ہے جبکہ انہوں نے لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے تحت بلدیاتی اداروں کے اختیارات کی بحالی کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاملے کو کابینہ کے آئندہ کے اجلاس کے ایجنڈے میں شامل کر کے اس کی منظوری دے دی جائیگی۔

وہ صوبہ بھر کے ضلعی چیئرمینوں کے وفد سے بات چیت کر رہے تھے جس نے پیر کے روزسے یہاں ان سے ملاقات کی ہے۔ صوبائی وزراء حاجی دستگیر بادینی، میر عامررند،رکن اسمبلی زمرک خان اچکزئی اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلدیاتی ادارے جمہوریت کے استحکام کی بنیاد فراہم کرتے ہیں بلدیاتی ادارے مضبوط ہونگے تو عوام کے مسائل نچلی سطح پر حل ہونگے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس کے باوجود کہ بلوچستان پہلا صوبہ تھا جہاں بلدیاتی اداروں کے انتخابات کا انعقادعمل میں لایاگیا لیکن بدقسمتی سے بلدیاتی اداروں کے اختیارات کے حوالے سے پائے جانے والے ابہام کے باعث یہ ادارے پوری طرح فعال نہ ہوسکے اور ان کے قیام کا مقصد پورا نہ ہوسکا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالتے ہی عوام سے براہ راست تعلق قائم کرتے ہوئے ان کی مسائل سے آگاہی حاصل کی اور حکومتی مشینری کو پوری طرح فعال کیا تاکہ عوام کو صحت ، تعلیم، مواصلات اور دیگر شعبوں کے حوالے سے درپیش مسائل فوری طور پر حل ہوسکیں۔

انہوں نے بلدیاتی نمائندوں پر زور دیا کہ وہ بھی عوام کے ساتھ براہ راست تعلق رکھتے ہوئے نچلی سطح پر انکے مسائل حل کرنے کے لئے فعال اور محترک کردار ادا کریں اور عوام نے جس اعتماد کا اظہار کر کے انہیں اپنا نمائندہ منتخب کیا ہے وہ اس پر پورا اتریں۔ صوبائی حکومت بلدیاتی اداروں کے فنڈز کے اجراء اور اختیارات کی بحالی کے لئے ہر ممکن معاونت کریگی وفد نے عرصہ دراز سے تاخیر کا شکار تنخوائوں کے مسئلے کے حل اور بلدیاتی اداروں کے ترقیاتی فنڈز فراہمی کی یقین دہانی پر وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے عوامی مسائل کے حل کے لئے وزیر اعلیٰ کے فعال کردار کو سراہا۔

متعلقہ عنوان :