ملک کی انرجی سیکورٹی کو طویل مدتی بنیادوں پر یقینی بنانے کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی مقامی سطح پر تلاش اور پیداوار کو بڑھانے کی ضرورت ہے‘ حکومت کے جرأتمندانہ اور دوراندیش فیصلوں کی وجہ سے ملک میں سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول پیدا ہوا ہے

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا پی پی ای پی سی اے کی جانب سے دی گئی بریفنگ کے موقع پر اظہار خیال

پیر 22 جنوری 2018 22:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک کی انرجی سیکورٹی کو طویل مدتی بنیادوں پر یقینی بنانے کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی مقامی سطح پر تلاش اور پیداوار کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔ وہ پاکستان پٹرولیم ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن کمپنیز ایسوسی ایشن (پی پی ای پی سی ای) کی جانب سے دی گئی ایک بریفنگ کے موقع پر اظہار خیال کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے جرأتمندانہ اور دوراندیش فیصلوں کی وجہ سے ملک میں سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول پیدا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں مقامی کے ساتھ ساتھ غیر ملکی سرمایہ کاروں کی بھی پاکستان میں کاروباری مواقع تلاش کرنے کیلئے حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ مشکلات کے باوجود ہم نے مختلف شعبوں میں تاجر برادری کو منافع بخش کاروباری منصوبے شروع کرنے کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنے کے سلسلے میں نمایاں پیشرفت کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت متعلقہ شراکت داروں کی مشاورت سے حائل رکاوٹیں دور کرنے کیلئے ہرممکن معاونت فراہم کرے گی۔ قبل ازیں پاکستان پٹرولیم ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن کمپنیز ایسوسی ایشن کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) اشفاق ندیم احمد نے یہاں ماڑی پٹرولیم ہیڈ آفس آمد پر وزیراعظم کا استقبال کیا۔ انہوں نے وزیراعظم کو پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی تلاش و پیداوار سے متعلق تمام کمپنیوں کی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی پریذنٹیشن دی۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ملک کی توانائی کی 46 فیصد ضروریات تیل و گیس کی مقامی سطح پر پیداوار سے پوری کی جاتی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی اور سخت مسابقت کے باوجود مقامی کمپنیوں کا ردعمل انتہائی حوصلہ افزاء رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :