ْ نیب نے احتساب عدالت میں سابق وزیراعظم نوازشریف او بچوں کے خلاف ضمنی ریفرنس دائر کردیا

نوازشریف لندن فلیٹس کے اصل مالک ہیں،نواز شریف نے اپنے بچوں کے نام پر جائیداد خریدی، یہ جائیداد نواز شریف کے بچوں کی ظاہری آمدن کے مطابق نہیں ، مریم نوازاور حسین نواز نے جے آئی ٹی کے سامنے جعلی دستاویزات پیش کیں،ایون فیلڈ اپارٹمنٹس ضمنی ریفرنس میں اہم انکشافات

پیر 22 جنوری 2018 22:31

ْ نیب نے احتساب عدالت میں سابق وزیراعظم نوازشریف او بچوں کے خلاف ضمنی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جنوری2018ء) احتساب عدالت میں سابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کے بچوں کے خلاف نیب نے ضمنی ریفرنس دائر کردیا ،ایون فیلڈ اپارٹمنٹس ضمنی ریفرنس میں اہم انکشافات سامنے آئے ہیں جن کے مطابق نوازشریف لندن فلیٹس کے اصل مالک ہیں،نواز شریف نے اپنے بچوں کے نام پر جائیداد خریدی، یہ جائیداد نواز شریف کے بچوں کی ظاہری آمدن کے مطابق نہیں ، مریم نوازاور حسین نواز نے جے آئی ٹی کے سامنے جعلی دستاویزات پیش کیں ۔

پیر کو ذرائع کے مطابق نیب کی جانب سے سابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کے بچوں کے خلاف احتساب عدالت میں دائر کردہ ضمنی ریفرنس 5 صفحات پر مشتمل ہے،ریفرنس کے مطابق جے آئی ٹی کی تحقیقات میں ایون فیلڈ اپارٹمنٹس شریف خاندان کی ملکیت ہیں۔

(جاری ہے)

جے آئی ٹی کے سامنے ملزمان فلیٹس کی خریداری کیلئے کی گئی ادائیگی کی ٹریل ثابت کرنے میں ناکام رہے،ملزمان کو دو مرتبہ سمن جاری کئے گئے تاہم وہ نیب کی تفتیش میں شامل نہیں ہوئے۔

مریم، حسن اور حسین نواز کی طرف سے طارق شفیع کے دو بیان حلفی جمع کرائے گئے، مریم اور حسین نواز کی طرف سے پیش کی گئی ٹرسٹ ڈیڈ، ورک شیٹ جعلی ثابت ہوئیں۔ ملزمان کرپشن میں ملوث پائے گئے ہیں، نیب کی سیکشن 10 کے تحت یہ قابل سزا جرم ہے۔ریفرنس میں بتایا گیا ہے کہ طارق شفیع، موسی غنی اور سعید احمد کے جوابات تاحال موصول نہیں ہوئے۔عبوری ریفرنس فائل کئے جانے کے وقت موسی غنی، سعید احمد، جاوید کیانی، طارق شفیع اور دوسرے افراد کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔