حکومت بچوں کی ہم نصابی سرگرمیوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، اسلام آباد میں لڑکوں اور لڑکیوں کیلئے سپورٹس پروگراموں کا انعقاد کیا جاتا ہے،ڈانس غیر نصابی سرگرمیوں میں شامل نہیں

وزیر مملکت بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر درشن کا تحریک پر بحث سمیٹتے ہوئے اظہار خیال

پیر 22 جنوری 2018 22:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جنوری2018ء) وزیر مملکت بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر درشن نے کہا ہے کہ حکومت بچوں کی ہم نصابی سرگرمیوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، اسلام آباد میں لڑکوں اور لڑکیوں کے لئے سپورٹس پروگراموں کا انعقاد کیا جاتا ہے،ڈانس غیر نصابی سرگرمیوں میں شامل نہیں،پیر کو سینیٹر سحر کامران کی تعلیمی اداروں میں غیر نصابی سرگرمیوں کی اہمیت کے حوالے سے تحریک پر بحث سمیٹتے ہوئے وزیر مملکت بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر درشن نے کہا کہ حکومت بچوں کی ہم نصابی سرگرمیوں پر توجہ دے رہی ہے کیونکہ بچوں کی نشوونما کے لئے ہم نصابی سرگرمیاں اور کھیل ضروری ہیں۔

کھیلوں کے میدانوں پر توجہ دی جا رہی ہے۔ اسلام آباد میں کھیلوں کی بہت سہولیات ہیں۔

(جاری ہے)

یونین کونسل کی سطح پر بھی ایسی سہولتیں ہونی چاہئیں۔ صوبوں کو اس حوالے سے کام کرنا چاہئے۔ اسلام آباد میں لڑکوں اور لڑکیوں کے لئے سپورٹس کی بہت سی سرگرمیاں منعقد ہوتی رہتی ہیں۔ ڈانس غیر نصابی سرگرمیوں میں شامل نہیں۔ صوبے خود جوابدہ ہیں۔ وفاقی حکومت کے اداروں میں ایسی سرگرمی نہیں ہوتی۔

قبل ازیں سینیٹر سحر کامران نے تحریک پیش کی کہ ایوان تعلیمی اداروں میں غیر نصابی سرگرمیوں کی اہمیت اور وفاقی حکومت کے زیر انتظام اداروں میں فراہم کردہ سہولیات کو زیر بحث لائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بہت اہم معاملہ ہے۔ تعلیمی اداروں میں نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ہم نصابی سرگرمیاں بھی ہونی چاہئیں۔ سینیٹر نسرین جلیل نے کہا کہ ہم نصابی سرگرمیاں بھی طلبہ کی نشوونما میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ سینیٹر حافظ حمد الله نے کہا کہ کھیل اور مشاعروں جیسی غیر نصابی سرگرمیوں کی ضرورت ہے لیکن ان کی آڑ میں ڈانس جیسی سرگرمیوں کی اجازت نہیں ہونی چاہئے۔ برقع کا مذاق اڑایا جا رہا ہے۔ خیبر پختونخوا میں بھی ایسی سرگرمیاں ہو رہی ہیں۔

متعلقہ عنوان :