ایوان بالا میں ملک میں زیر زمین پانی کی کم ہوتیسطح روکنے کیلئے ضروری اقدامات کرنے سے متعلق قرار داد منظور

حکومت کی طرف سے سرکاری تعطیلات کے دوران تعلیمی اداروں کو نصف دن کے لئے کھولنے سے متعلق قرار داد واپس لے لی گئی

پیر 22 جنوری 2018 22:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جنوری2018ء) ایوان بالا میں حکومت کی طرف سے سرکاری تعطیلات کے دوران تعلیمی اداروں کو نصف دن کے لئے کھولنے سے متعلق قرار داد کی مخالفت پر محرک نے اسے واپس لے لی گئی جبکہ ایوان نے ملک میں زیر زمین پانی کی گرتی ہوئی سطح کو روکنے کے لئے ضروری اقدامات کرنے سے متعلق قرار داد کی منظوری دے دی ،پیر کو ایوان بالا میںسینیٹر ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی نے یوم کشمیر، یوم پاکستان، یوم مزدور (یکم مئی)، یوم آزادی، یوم اقبال، یوم قائداعظم، عید میلادالنبیؐ اور یوم عاشور پر وفاق کے زیر انتظام سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کو کم از کم آدھے دن کے لئے کھولنے کی قرارداد پیش کی تاکہ طلبہ ان دنوں کی اہمیت کو جان سکیں، حکومت نے قرارداد کی مخالفت کی۔

(جاری ہے)

سینیٹر جہانزیب جمالدینی نے کہا کہ ان دنوں کی اہمیت اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ سینیٹر سعود مجید نے کہا کہ ایک روز قبل سکولوں میں ان دنوں کی اہمیت کو اجاگر کیا جائے۔ وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ ان دنوں پر عام تعطیلات ہوتی ہیں۔ پورے ملک میں تعطیل کے باعث بچوں کو سکول میں لانا اور ان ایام کے لئے تقریبات منعقد کرنا مشکل ہے۔ انتظامی لحاظ سے اس میں مشکلات ہیں۔

اصل مقصد ان دنوں کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ یہ مقصد کسی اور دن ان تقریبات کے انعقاد سے بھی پورا ہو سکتا ہے۔ سینیٹر جہانزیب جمالدینی نے یہ قرارداد واپس لے لی۔سینیٹر طلحہ محمود نے قرار داد پیش کی جس میں کہا گیا ہے حکومت ملک میں زیر زمین پانی کی گرتی ہوئی سطح کو روکنے کے لئے ضروری اقدامات کرے ایوان نے قرار داد کی منظوری دے دی۔

متعلقہ عنوان :