سرکاری تعلیمی اداروں میں سہولیات کی فراہمی کیلئے ہنگامی اقدامات کیے جائیں گے،ڈپٹی کمشنرگوجرانوالہ

پیر 22 جنوری 2018 22:12

گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2018ء)ڈپٹی کمشنرسہیل احمد ٹیپو نے کہا کہ سرکاری تعلیمی اداروں میں معیار تعلیم کی بہتری اور عوام میں ان پر اعتماد بحال کرنے کے لیے تمام اقدامات بروئے کارلاتے ہوئے سکولوں میں عدم دستیاب سہولیات کی فراہمی کے لیے بھی ہنگامی اقدامات کیے جائیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیف منسٹر سکول ریفارمز روڈ میپ پروگرام کے تحت محکمہ تعلیم کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے سلسلہ میں منقدہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن ریویو کمیٹی کے ماہانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ڈی ایم او ذولفقار باگڑی ، اے سی (یو ٹی)میڈم سونیا، ڈی او سیکنڈری ڈاکٹر ذوالفقار علی موھل ،ڈی او زنانہ اور تمام ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسرز ایجوکیشن اور دیگر متعلقہ افسران اجلاس میں شریک تھے،ڈپٹی کمشنر سہیل احمد ٹیپو نے کہا کہ ضلع کو وزیر اعلی پنجاب کے وژن کے مطابق پنجاب بھر میں گوجرانوالہ ضلع کو معیار تعلیم اور سہولیات کے لحاظ سے نمایاں پوزیشن پر لانے کے لیے تمام تر اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ سکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے سکولوں کی جاری سکیموں اور عدم دستیاب سہولیات کی فراہمی کے لیے محکمہ ایجوکیشن کے افسران متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز کی معاونت سے مقررہ مدّت میں تکمیل اور سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں ۔جن سکولوں میں ٹائلٹ بلاک موجود نہیں وہاں ترجیحی بنیادوں پر ٹائلٹ بلاکس تعمیر کیے جائیں ، سکول کونسل کے فنڈز کے علاوہ مخیر حضرات سے بھی اس سلسلہ میں معاونت حاصل کی جا سکتی ہے تا کہ زیر تعلیم طلباء و طالبات کو ضروری سہولیات سکول میں میسر ہوں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ چار دیواری ،بجلی کنکشن کی فراہمی،صاف پانی اور دیگر عدم دستیاب سہولیات کی فراہمی کے لیے بھی اقدامات بروئے کار لائے جائیں اور جہاں سہولیات موجود ہیں ان کے مکمل آپریشنل اور فنکشنل ہونے کو یقینی بنایا جائے۔