نیاپاکستان بنانے والوں نے صرف کھوکھلے نعرے لگائے اور عوام سے جھوٹ کی سیاست کی ہے ،ْاویس احمد لغاری

مسلم لیگ (ن) ملک کو حقیقی معنوں میں ترقی کی راہوں پر لے کر جارہی ہے ، ہماری سیاست کا مقصد عوام کی خدمت ہے ،ْوفاقی وزیر

پیر 22 جنوری 2018 22:12

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2018ء)وفاقی وزیر برائے پاورڈویژن سردار اویس احمد لغاری نے کہا ہے کہ نیاپاکستان بنانے والوں نے صرف کھوکھلے نعرے لگائے اور عوام سے جھوٹ کی سیاست کی ہے ، مسلم لیگ (ن) ملک کو حقیقی معنوں میں ترقی کی راہوں پر لے کر جارہی ہے ، ہماری سیاست کا مقصد عوام کی خدمت ہے ، وزیر اعلیٰ پنجاب نے ڈی جی خان کو لاہور کے برابر لانے کا عزم کررکھاہے ،جنوبی پنجاب کے سیاحتی مقام فورٹ منرومیں اربوں روپے کی لاگت سے سڑکوں ، بجلی، پانی اور پارکس کے منصوبے مکمل کئے جارہے ہیں جبکہ پاکستان ایئرفورس نے فورٹ منرو میں کیڈٹ کالج بنانے کا اعلان بھی کردیاہے، انہوں نے ان خیالات کا اظہار یونین کونسل ٹبی کھاڑک میں مختلف عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے مختلف عہدیداروں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) لغاری گروپ میں شمولیت کا بھی اعلان کیا ،وفاقی وزیر برائے پاورڈویژن نے ڈسٹرکٹ بارجاکر ڈسٹرکٹ بار کونسل ڈیرہ غازی خان کے نومنتخب صدر سردار ندیم غوث کھوسہ، جنرل سیکرٹری بلال خان گوپانگ اور پورے پینل کو مبارکباددی اورکہاکہ بار کا معاشرتی مسائل کی نشاندہی اور ان کے حل میں اہم کردار ہوتاہے ، اس موقع پر وکلاء نے لائرز کالونی ڈی جی خان کا مسئلہ اٹھایا جس پر وفاقی وزیر نے وکلاء کالونی کا مسئلہ حل کرانے کی یقین دہانی کروائی،انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملک میں حقیقی مثبت تبدیلی لارہی ہے جبکہ گیس سے محروم ڈیرہ غازی خان کے نواحی علاقوں اور دیہاتوں میں گیس فراہمی کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے ، سردار فاروق احمد خان لغاری نے کہا کہ ڈی جی خان میں گیس سے محروم علاقوں میں گیس پہنچائیں گے ، گھر گھر بجلی کی سہولت اورملک بھر میں سڑکوں و ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھائیں گے ، انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوام کی حالت بہتر کرنیکا تہیہ کررکھاہے ،آئندہ عام انتخابات میں اپنی ساڑھی4سالہ کارکردگی پر ووٹ مانگیں گے ، انہوں نے کہا کہ عوام ہماری طاقت ہیں، ہم بھی ان کی خدمت اور مسائل کے حل کیلئے تن من دھن کی بازی لگائیں گے، انہوںنے کہا کہ لغاری گروپ نے ہمیشہ ڈی جی خان کے مسائل کے حل کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں ، ہم نے چار سال کے مختصر عرصہ میں سڑکوں، سیوریج ، گیس اور بجلی کے لاتعدادمنصوبے مکمل کروادئیے ہیں ، انہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کرنے والوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنی پوری کوشش کریں گے کہ ان کے علاقوں کے عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرائیں ، گزشتہ روز کے اجتماعات میں پاکستان تحریک انصاف کے اہم عہدیداروں غلام قادر کھوسہ ، عاشق خان کھوسہ، ملک ارشاد کھاڑک نمبردار ، منظور حسین اوکھروندا نے اپنی برادریوں سمیت پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا ، سیاسی رہنما ڈاکٹر قدیر نے کہا کہ موجودہ حکومت اور لغاری گروپ عوام کی زندگیوں میں آسانیاں لانے کا وسیلہ بنے ہیں ، یونین کونسل میں ساڑھے 8کروڑروپے سے زائد مالیت کے سیوریج، نالی، گلی پختگی، بجلی کی فراہمی سمیت مختلف منصوبے مکمل کروانے پر ہم سردار اویس احمد خان لغاری کے مشکور ہیں ، لغاری گروپ کی سیاست عزت اور احترام پر مبنی ہے، مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کرنے والے غلام قادر کھوسہ، ملک ارشاد کھاڑک اورمنظور حسین اوکھروندا نے کہا کہ ہم سردار فاروق لغاری اور سردار اویس لغاری کی نظریات کی سیاست کو مدنظر رکھتے ہوئے مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوئے ہیں ، کھوسہ برادران نے عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے تھانہ کچہری کی سیاست کی ، قبل ازیں سردار اویس احمد خان لغاری نے یونین کونسل چھابری زیریں عظیم شاہ کے گھر گئے اور اُن کی والدہ کی وفات پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی ۔