شہباز شریف طلبی پر نیب کو دھمکیاں لگا رہے ہیں ،ْ فواد چوہدری

نواز شریف کے دائیں بائیں کھڑے لوگ بھی منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں ،ْ ترجمان پی ٹی آئی

پیر 22 جنوری 2018 22:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2018ء) ترجمان پی ٹی آئی فواد چودھری نے کہا ہے کہ شہباز شریف طلبی پر نیب کو دھمکیاں لگا رہے ہیں ،ْنواز شریف کے دائیں بائیں کھڑے لوگ بھی منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں۔ایک بیان میں فواد چودھری نے حکمران جماعت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے تو مارشل لاء نہیں لگانا جو روز کہا جاتا ہے کہ عمران خان فوج سے مل کر سب کر رہا ہے، آج نیب میں شہباز شریف کو بلایا گیا تو وہ نیب کو دھمکیاں لگا رہے ہیں، سپریم کورٹ کو نواز شریف دھمکیاں دے رہے ہیں، کیا یہ ابھی بھی اتنے طاقتور ہیں کہ عدلیہ کو دھمکیاں دے رہیں ایک تو چوری اوپر سے سینہ زوری۔

فواد چوہدری نے کہاکہ ملک میں پولیس مقابلے ہو رہے ہیں مگر کوئی پوچھنے والا نہیں، کوئی کہتا ہے کہ مجھے ہاتھ لگایا تو میں مجیب الرحمان بن جاؤں گا ،ْ ہمارا مطالبہ ہے کہ حدیبیہ کا کیس کھولا جائے، ہم نے حدیبیہ کیس میں فریق بننے کا فیصلہ کیا ہے، الیکشن کمیشن آئین کے تحت یہ نہیں کہہ سکتا کہ ہمیں انتخابات کیلئے 3 ماہ سے زائد وقت چاہئے، انتخاباب کیلئے الیکشن کمیشن چاہے زیادہ سٹاف بھرتی کرے مگر انتخابات 90 دن میں ہونے چاہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نواز شریف اس وقت عمر قید، جائیداد کی ضبطی کی سزا کی طرف جا رہے ہیں ،ْمسلم لیگ نون کے پاس ایک بھی اپنا دفتر نہیں ہے۔