الخدمت فائونڈیشن نے یونیورسٹی کے نوجوانوں کو رضاکارانہ خدمات کیلئے ایک بہترین پلیٹ فارم مہیا کیا ہے،محمد عبدالشکور

پیر 22 جنوری 2018 21:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جنوری2018ء)الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکار پروگرام کے تحت 16دسمبر کو ہونے والی دوسری الخدمت یوتھ گیدرنگ کے کامیاب انعقاد پر الخدمت یوتھ ایمبیسڈرز کے اعزازمیں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں 25سے زائد یونیورسٹیوں کی150 سے زائد الخدمت یوتھ ایمبیسڈرز نے شرکت کی۔تقریب کی صدارت الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر محمد عبدالشکور نے کی جبکہ الخدمت فاؤنڈیشن کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل احمد جمیل راشد، ایگزیکٹو ڈائریکٹر شاہد اقبال، الخدمت لاہور کے صدر عبدالعزیز عابداور دیگر ذمہ داران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

محمد عبدالشکور نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عظیم الشان تقریب کے کامیاب انعقاد پر تمام یوتھ ایمبیسڈرز اور الخدمت کی پوری ٹیم مبارک باد کی مستحق ہے۔

(جاری ہے)

یہ نوجوان الخدمت کا ہر اول دستہ ہیںاور ان کی شب و روز محنت کا نتیجہ ہی ہے کہ دوسری بار اتنی شاندار یوتھ گیدرنگ کا انعقاد ممکن ہوا۔ الخدمت فاؤنڈیشن نے یوتھ گیدرنگ کی شکل میں ملک بھر کے دردِ دل رکھنے والے ایسے نوجوان جو انسانیت کی خدمت کے لئے کچھ کرنے کا عزم اور حوصلہ رکھتے ہیںکو رضاکارانہ خدمات کے فروغ اور انجام دہی کے لئے ایک بہترین پلیٹ فارم فراہم کیا ہے۔

احمد جمیل راشد نے کہا کہ کوئی بھی کام ٹیم ورک کے بغیر ممکن نہیں ہوتااور میں فخر سے کہہ سکتا ہوںکہ ان دو سالوں میں ہم پاکستان بھر کے تعلیمی اداروں سے ذہین، متحرک اور پرعزم نوجوانوں پر مشتمل ایک بڑی ٹیم بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ تقریب میں دوسری یوتھ گیدرنگ کے تمام مراحل کے حوالے سے ایک تفصیلی جائزہ رپورٹ بھی پیش کی گئی جس کی روشنی میں اگلے سال یوتھ گیدرنگ کا دائرہ کار وسیع کرنے اور سے مزید بہتر اور منفرد انداز میں منعقد کرنے کے حوالے سے تجاویز زیرِ بحث آئیں۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء کو اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں۔