وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا پارلیمنٹ ہاؤس میں یادگار جمہوریت کا دورہ ،ْ یاد گارپر پھول چڑھائے

وزیر اعظم نے جمہوریت کے لیے قربانیاں دینے والوں کے نام سے منصوب یادگارجمہوریت کی تعمیر کو احسن اقدام قرار دیا

پیر 22 جنوری 2018 21:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2018ء) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے )آج( پارلیمنٹ ہاؤس میں یادگار جمہوریت کا دورہ کیا اور ملک میں جمہوریت کے استحکام اور آئین کے تحت حاصل بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے قربانیاں دینے والے گمنام ہیروز کی یاد گارپر پھول چڑھائے۔چیئرمین سینٹ میاں رضاربانی، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، ڈپٹی چیئرمین سینٹ مولانا عبدالغفور حیدری، سینٹ میں قائد ایوان راجہ ظفرالحق اور قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن، ایوان بالاء میں موجود جماعتوں کے پارلیمانی راہنماء اور سیکرٹری سینٹ امجد پرویز ملک بھی اس موقع پر موجو د تھے۔

وزیر اعظم نے جمہوریت کے لیے قربانیاں دینے والوں کے نام سے منصوب یادگارجمہوریت کی تعمیر کو احسن اقدام قرار دیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر اعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے چیئرمین سینٹ میاں رضاربانی نے بتایا کہ یادگار جمہوریت پارلیمنٹ ہاؤس کے دورے پر آنے والے ان تمام افراد کے لیے حوصلہ افزائی کا باعث ہے جو ملک میں جمہوریت کااستحکام چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک جمہوری ملک ہے اوراس کی دیگر جمہوری ممالک کی طرح جمہوریت کے قیام اور استحکام کے لیے کاوشوں کی تاریخ ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی کارکن بشمول خواتین و حضرات ظلم و جبر ناانصافی اور غیر جمہوری رویوں کے خلاف اور آئین و قانون کی بالادستی کے لیے کوشاں رہے۔جس کے لیے انہیں تشدد اور قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنی پڑیں۔ انہوں نے کہا کہ یادگار جمہوریت معاشرے کے ایسے تمام گمنام ہیروز کی جدوجہد کی علامت کے طورپر تعمیر کی گئی ہے۔