فیصل آباد کے عوام 27 جنوری کو نواز شریف کا فقید المثال استقبال کریں گے،رانا ثناء الله

پیر 22 جنوری 2018 21:40

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جنوری2018ء) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله خاں نے کہا ہے کہ فیصل آباد کے عوام 27 جنوری کو اپنے محبوب قائد محمد نواز شریف کا فقید المثال استقبال کریں گے اور جڑانوالہ میں منعقد ہونے والے تاریخی جلسہ عام میں بڑی تعداد میں شرکت کرکے ثابت کر دیں گے کہ یہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے متوالوں کا شہر ہے جو اپنے جرات مند لیڈر محمد نواز شریف سے جذباتی طور پرگہرا لگائو رکھتے ہیں 28 جولائی 2017 ء کے عدالتی فیصلہ کے بعد مسلم لیگ ( ن ) کے قائد محمد نواز شریف پہلی بار جڑانوالہ میں آرہے ہیں اور یہ میاں محمد نواز شریف کی طلسماتی شخصیت کا کرشمہ ہے کہ عوام ان سے گہری محبت رکھتے ہیں اور وہ جوش و خروش سے اپنے محبوب لیڈر کا والہانہ استقبال کریں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی عمدہ کارکردگی اور عوامی خدمت کے اعلی معیار کی بدولت عوام کا مسلم لیگی قائدین سے پیار و محبت کا رشتہ مزید مضبوط ہوا ہے یہ بات انہوں نے ایک اجلاس کے دوران کہی جسمیں 27 جنوری کو جڑانوالہ میں منعقدہونے والے عظیم الشان جلسہ عام میں شرکت کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا ۔ اس تاریخی جلسہ سے قائد مسلم لیگ ( ن ) محمد نواز شریف خطاب کریں گے ۔

اجلاس میں وزیر مملکت برائے ٹیکسٹائل حاجی اکرم انصاری ‘ ارکان صوبائی اسمبلی شیخ اعجاز احمد ‘ محمد نواز ملک ‘ حاجی خالد سعید ‘ حاجی الیاس انصاری ‘ چوہدری فقیر حسین ڈوگر ‘ میئر میونسپل کارپوریشن محمد رزاق ملک ‘ چیئرمین ضلع کونسل چوہدری زاہد نذیر ‘ ڈپٹی میئرز شیخ محمد یوسف ‘ محمد امین بٹ ‘ چوہدری عبدالغفور ‘ وائس چیئرمین واسا میاں عرفان منان ‘ رانا احمد شہر یار ‘ شاہد محمود بیگ ایڈووکیٹ ‘ شوکت علی رانا ‘ شیخ قیصر شمس گچھا ‘ میاں محمد اجمل و دیگر موجود تھے ۔

صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ 27 جنوری کو جڑانوالہ میں ایک ایسا تاریخ سازجلسہ ہو رہا ہے جس میں عوام کی بھرپور شرکت سے سابقہ تمام ریکارڈ ٹوٹ جائیں گے کیونکہ عوام اپنے محبوب قائد محمد نواز شریف کا خطاب سننے کے لئے بے تابی سے انتظار کر رہے ہیں اور وہ جوق در جوق اس جلسے میں شریک ہونگے ۔ صوبائی وزیر قانون نے جلسے میں شرکت کی تیاریوں کے لئے ارکان اسمبلی اور بلدیاتی سربراہوں کو مختلف ذمہ داری سونپتے ہوئے کہا کہ نچلی سطح پر تیز رفتار ترقی کے لئے بلدیاتی اداروں کا کردار مسلمہ حیثیت کا حامل ہے اور یہی وجہ ہے کہ لوگوں کی خدمت کے لئے بلدیاتی نمائندے بھر پور انداز میں سرگرم عمل ہیں لہذا شہر میں میئر میونسپل کارپوریشن اور دیہی علاقوں میں چیئرمین ضلع کونسل قائد پاکستان مسلم لیگ ( ن ) محمد نواز شریف کے ہاتھ مضبوط کرنے اور پارٹی کا پیغام گھر گھر پہنچانے کے لئے اپنی خدمات کو آگے بڑھائیں ۔

اس موقع پر 27 جنوری کو جڑانوالہ میں پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کے عظیم الشان جلسے میں شرکت کے لئے مختلف کمیٹیز کو ذمہ داریاں سونپی گئیں ۔