قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ سے چین کے سفیر ژائو ژنگ کی ملاقات

پاک۔چین اقتصادی راہداری منصوبہ، دوطرفہ تعلقات سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال

پیر 22 جنوری 2018 21:32

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2018ء) قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ سے چین کے سفیر ژائو ژنگ نے ملاقات کی جس میں پاک۔چین اقتصادی راہداری منصوبہ، دوطرفہ تعلقات سمیت دیگر امور زیر غور آئے۔ قومی سلامتی کے مشیر نے کہا کہ پاکستان کے چین کے ساتھ قریبی، دوستانہ تعلقات ہیں اور دونوں بااعتماد دوست اور شراکت دار ممالک ہیں۔

(جاری ہے)

چین کے سفیر نے دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چین کی حکومت خوشحالی، دوطرفہ تعاون کے حوالہ سے پاکستان کے عوام اور حکومت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتی ہے۔ دونوں شخصیات نے پاک۔چین اقتصادی راہداری منصوبہ کے مختلف پہلوئوں پر تبادلہ خیال کیا۔ چینی سفیر نے کہا کہ چین اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ اقتصادی راہداری کی تعمیر پورے خطہ کیلئے رابطہ کاری کے فروغ اور مشترکہ خوشحالی کیلئے اہم ہے۔ قومی سلامتی کے مشیر نے یقین دہانی کرائی کہ ہمارے ہاں وسیع تر قومی اتفاق رائے پایا جاتا ہے اور ہر فرد سی پیک کو مکمل کرنے کے حوالہ سے پرعزم ہے۔ دونوں شخصیات نے افغانستان میں امن و استحکام کی تعمیری کوششوں کے مکمل تعاون کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :