چوڑ ویلی کوہستان کا حصہ تھا اور رہے گا، ہمارے بڑوں نے اس کیلئے جانی و مالی قربانیاں دی ہیں۔ خان عبدالرب رسول

پیر 22 جنوری 2018 21:12

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2018ء) مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ ضلع کوہستان کے سابق جنرل سیکرٹری خان عبدالرب رسول نے کہا ہے کہ چوڑ ویلی اصل میں کوہستان کا حصہ تھا اور رہے گا، اس کیلئے ہمارے بڑوں نے جانی و مالی قربانیاں دی ہیں۔ یہاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چوڑ ویلی دراصل کوہستان کا ازل سے لیکر آخر تک کا ایک حصہ ہے جس کا بارش کا پانی ہمیشہ کی طرح ضلع کوہستان کی حدود میں آتا ہے اور استعمال ہوتا ہیں، اس کیلئے بہت پہلے ہمارے بزرگوں نے یہ طے کیا تھا کہ بارش کا جو بھی پانی ہے جس جگہ کا ہے وہ اسی جگہ جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کوہستان پارس کا حصہ ہے، کچھ نام نہاد لوگ اپنی خانگی کے دم سے اس حصہ کو توڑنا چاہتے ہیں جس میں کوہستان کے پرنس نواز کا نام سب سے پہلے آتا ہے۔

(جاری ہے)

خان عبدالرب رسول نے کہا کہ پرنس نواز کو اپنی خانگی کا اتنا غرور ہے تو و ہ ہمارا سامنا کریں، ہم اپنے بزرگوں کی جاگیر میں کسی بھی خان یا وڈیرے کو عمل دخل نہیں کرنے دیں گے، چوڑ ویلی کی مثال ایسی ہے جیسے ہماری شہ رگ ہو، اس سے پہلے بھی کوہستان اور الائی کے درمیان جو جھگڑا ہوا تھا اس میں بھی الائی والے اپنی نعشیں اور اسلحہ وہاں پر ہی چھوڑ کر بھاگ نکلے تھے، وہ وقت اب یہ لوگ بھول چکے ہیں اور نئے سرے سے لوگوں کو اکساکر ایک نئے فتنہ کی طرف لوگوں کو گامزن کر رہے ہیں، اگر یہ جنگ دوبارہ شروع ہوئی تو بہت بڑا نقصان ہونے کا خدشہ ہیں جس کی تمام تر ذمہ داری پرنس نواز پر عائد ہو گی۔