کیتھولک چرچ کی تعمیر و توسیع کیلئے 80 لاکھ کی منظوری دیدی گئی ہے، سورن سنگھ نے سلہڈ قبرستان کیلئے 20 لاکھ دیئے تھے

رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر اظہر جدون کا کیتھولک چرچ میں امدادی چیکوں کی تقسیم کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب

پیر 22 جنوری 2018 21:12

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2018ء) ایبٹ آباد سے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر محمد اظہر خان جدون نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت اقلیتوں کو درپیش مسائل حل کرنے میں پیش پیش ہے، اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے غریبوں کیلئے ہائوسنگ سکیم کا اجراء عمران خان کے ویژن میں شامل ہے۔ وہ سوموار کو کیتھولک چرچ ایبٹ آباد میں 10 بیوائوں اور مستحقین میں 10، 10 ہزار روپے کی مالی امداد کے چیک تقسیم کرنے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

چرچ کی تعمیر و مرمت کیلئے صوبائی حکومت کی جانب سے 80 لاکھ روپے جاری کر دیئے گئے ہیں۔ اس موقع پر تقریب سے فادر ارشد نیئر، ضلعی منیارٹی سیکرٹری جاوید ساگر اور آرگنائزر پی ٹی آئی ویمن ونگ جین ایسٹر نے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف بالخصوص وزیراعلیٰ پرویز خٹک اور ڈاکٹر اظہر کی کوششوں کو سراہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایبٹ آباد کی مسیحی اقلیتی برادری کیلئے صوبائی حکومت نے مالی امداد فراہم کی ہے۔

ڈاکٹر اظہر جدون نے اپنے خطاب میں تحریک انصاف خیبر پختونخوا بالخصوص ہزارہ میں علم و ہنر اور تعلیم اداروں کو انگلش میڈیم میں ترویج دے رہی ہے تاکہ کم آمدنی رکھنے والے طبقات کو بھی یکساں اور معیاری ثانوی و اعلیٰ تعلیم کے مواقع میسر آ سکیں۔ انہوں نے صوبائی حکومت کی جانب سے ہزارہ ڈویژن کے طول و عرض میں تعلیمی اداروں کا جال بچھانے اور سکولوں کی اپ گریڈیشن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے بناء کسی بھی قوم سے غربت کا خاتمہ ممکن نہیں۔