شہریوں کے تعاون سے زینب کے قاتل کو جلد گرفتار کر لیا جائیگا، ڈی پی اوقصور

پیر 22 جنوری 2018 21:00

قصور۔22جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2018ء) ڈی پی اوقصور زاہد نواز مروت نے کہا ہے کہ پولیس افسران اپنے رویے میں بہتری اور شہریوں کے تعاون سے زینب کے قاتل کو گرفتار کر سکتی ہے، پولیس اور عوام کے درمیان حائل خلیج کو ختم کرتے ہوئے باہمی رابطہ کی فضا قائم کی جائے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ پولیس لائن قصور میں پولیس ٹیموں کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا زینب ہم سب کی بیٹی ہے ، اس کے قاتل کو گرفتار کرنے کیلئے کو ئی کسر نہیں چھوڑی جا ئے گی ، ملزم کی گرفتاری کیلئے پولیس کوشہریوں،تاجر برادری ،وکلاء اور صحافیوں سمیت ہر طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد کا تعاون درکار ہے، اس موقع پر ڈی پی اوقصور نے تمام ٹیموں کو ہدایت کی کہ سکیورٹی پلان پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائیگا ،تمام ٹیمیں پوری محنت کیساتھ کام کریں گی اور روزانہ کی بنیاد پر کارکردگی رپورٹس بھجوائیں گی، اس سلسلہ میںسستی و لاپرواہی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا ،انہوں نے کہا کہ پولیس پٹرولنگ کیساتھ ساتھ سیف سٹی پراجیکٹ کے تحت شہر میں پی آر یو یونٹ کی ایچ ڈی کیمروں والی گاڑیاں بھی گشت کررہی ہیں جو ہر مشکوک افراد کو چیک کررہی ہیں ، اسی طرح شہرکے تمام اہم مقامات پر سخت ناکہ بندی اور کیمرے نصب کیے جارہے ہیں، اللہ تعالیٰ کی مدد اور شہریوں کے تعاون سے پولیس ملزم کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہوجائے گی۔

متعلقہ عنوان :