پاکستان نے ہمیں بہت کچھ دیا، اب ملک کو لوٹانے کی ضرورت ہے،ملک رفیق رجوانہ

اچھے تعلیمی ادارے نہ ہوتے تو آج بہت سے طلباء و طالبات معیاری اعلیٰ تعلیم کی نعمت سے محروم رہتے، گورنر پنجاب

پیر 22 جنوری 2018 20:43

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جنوری2018ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیں بہت کچھ دیا، اب ملک کو لوٹانے کی ضرورت ہے اچھے تعلیمی ادارے نہ ہوتے تو آج بہت سے طلباء و طالبات معیاری اعلیٰ تعلیم کی نعمت سے محروم رہتے۔ یہ بات انہوں نے یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور کے ملتان کیمپس میں جنوبی ریجن کے چھٹے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رئوف اعظم، پرنسپل ملتان کیمپس شاہد رضا، فیکلٹی ممبران ، ممبر سینڈیکیٹ ، طلباء و طالبات اور ان کے والدین کی بڑی تعدادموجود تھی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان وسائل سے مالا مال ایک خوبصورت ملک ہے اگر وطن سے پیار نہیں تو ہم پاکستانی کہلانے کے لائق نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ طلباء و طالبات ان کے اساتذہ اور والدین کے لئے یہ دن قابل فخر ہے جب انہیں اپنی تعلیم کی تکمیل پر ڈگری دی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب یہ آپ پر فرض ہے کہ تعلیم جیسی نعمت سے محروم بچوں کی محرومیوں کے ازالہ کے لئے اپنی ذمہ داری پوری کریں۔ انہوں نے کہا کہ جو شعبہ درس و تدریس سے وابستہ ہونے کا ارادہ رکھتے ہیں وہ جان لیں کہ وطن کی مٹی کا قرض کیسے اتار نا ہے نئی نسل کو علم کی منتقلی کے ساتھ ساتھ ان کی تربیت کے ذریعے کردار سازی پر بھی توجہ دی جائے۔گورنر نے پنڈال میں موجود والدین سے کہا کہ وہ اپنی بچیوں کو اعلیٰ تعلیم دلانے کے بعد اب گھر نہ بٹھائیں بلکہ انہیں معاشرے کا قرض اتارنے کا موقع دیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت بے روزگاری کے خاتمہ کے لئے ٹھوس اقدامات کررہی ہے۔ تعلیم ، صحت اور روزگارکی فراہمی حکومت کا فرض ہے جسے پورا کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ عملی زندگی میں نوجوانوں کو چیلنجز کا سامنا کرنا ہوگا جن سے گھبرانا نہیں۔ ہر چیلنج میں موقع بھی چھپا ہوتا ہے۔ کنویں میںتیرنے کی بجائے سمندر میں تیریں کئی نئی جہتیں اور کا میابیاں آپ کی منتظر ہیں۔

انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ تم ہو پاکستان چھولو آسمان ۔ گورنر نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل آپ نوجوان ہیں۔ آپ جیسے ہونہا ر افراد کے ہاتھ مستقبل ہونے سے ہمیں کوئی فکر نہیں۔ پاکستان ہم سب کا ہے کسی کی اس پر اجارہ داری نہیں پاکستان میں حکومت کسی کی بھی ہو آپ کو اس سے غرض نہیں ہونا چاہئے۔ آئیں مل کر پاکستان کو سنواریں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ہائیرایجوکیشن سے متعلق وائس چانسلر نے جن مسائل کا ذکر کیا ہے انہیں حل کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔

میں نے اڑھائی سال سے مختلف کانووکیشن میں طالبات ہی کو آگے پایا ہے۔کانووکیشن سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رئوف اعظم، پرنسپل ملتان کیمپس شاہد رضا نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر گورنر پنجاب نے پوزیشن ہولڈرز طلباء و طالبات میں میڈل اور ڈگریاں بھی تقسیم کیں۔ یونیورسٹی کی طرف سے وائس چانسلر نے گورنر پنجاب کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔ قبل ازیں گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے یونیورسٹی آف ایجوکیشن ملتان کیمپس کے نو تعمیر شدہ اکیڈمک بلاک کا افتتاح کیا۔

یہ عمارت 9کروڑ 30 لاکھ روپے مالیت سے 18 ماہ کے قلیل عرصہ میں تعمیر کی گئی۔ گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے افتتاحی تختی کی نقاب کشائی کی۔ اس موقع پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور پروفیسر ڈاکٹر رؤف اعظم، پرنسپل یونیورسٹی آف ایجوکیشن ملتان کیمپس شاہد رضا، مختلف کیمپس کے پرنسپلز اور فیکلٹی ممبران موجود تھے۔ گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ پنجاب حکومت جدید علوم کی ترویج اورمیعاری اعلی تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے۔

اس مقصد کے لیے خطیر رقم کے فنڈز فراہم کئے جا رہے ہیں۔ گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے ملتان انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے زیر تعمیر توسیعی منصوبے کا معائنہ کیا اور تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ انہوں نے تعمیراتی ادارہ کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ منصوبہ کی جلد تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کریں ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت عوام کو علاج معالجہ کی جدید اور معیاری سہولیات فراہم کر رہی ہے ،اس مقصد کے لیے ہسپتالوں کو جدید طبی مشینری و آلات سے آراستہ کیا جا رہا ہے۔

صحت کے شعبہ میں بھی خادم اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کی خصوصی دلچسپی دکھی انسانیت کی تکالیف میں کمی کا باعث ہے۔ انہوں نے ہسپتال میں مریضو ں اوران کے لواحقین سے علاج معالجہ کی سہولیات اورمفت ادویات کی فراہمی بارے دریافت کیا۔ جس پر انہیں بتایا گیا کہ نہ صرف ادویات مفت دستیاب ہیں بلکہ مختلف لیبارٹری ٹیسٹ اور سٹنٹ بھی مفت فراہم کئے جارہے ہیں۔ دریں اثناہ گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ معرو ف سیا سی و سما جی رہنما ء ملک شا ہ رخ حسن کی رہا ئش گا ہ پر گئے اور ان کے والد ملک عالمگیر کی وفا ت پر اظہار تعز یت کیا ۔مر حو م کی رو ح کے ایصا ل ثوا ب کیلئے فاتحہ خوانی درجات کی بلند ی اور پسما ندگا ن کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ۔