آل پارٹیز کانفرنس کو انتخابی اتحاد بناکر (ن) لیگ کا آئندہ الیکشن میں صفایا کیا جائے، پیر معصوم نقوی

پیر 22 جنوری 2018 20:42

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جنوری2018ء) جمعیت علما پاکستان نیازی کے سربراہ قائد اہل سنت پیر سید محمد معصوم حسین نقوی نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاون پر متحدہ اپوزیشن کے کامیا ب احتجاج کے بعد ضرورت ہے کہ آل پارٹیز کانفرنس کی تمام جماعتیں انتخابی اتحاد تشکیل دے کر آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ ن کی کرپشن کا مقابلہ کریں۔ جمعیت سیکرٹریٹ کینال ویو میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ حکمران جماعت کے ظلم و بربریت اور کرپشن کے خلاف عوام کو متحرک کرکے نہ صرف پنجاب بلکہ ملک بھر سے آئندہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کی ضرورت ہے ۔

پیر معصوم نقوی نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری پر آصف علی زرداری اور عمران خان اعتماد کرتے ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ انہیں آگے آنا چاہیے اور دونوں متحارب جماعتوں کو ایک کنٹینر پر بٹھانے کے بعد ایک انتخابی اتحاد میں بھی لائیں، تاکہ انصاف کی تحریک مزید زور پکڑ سکے۔

(جاری ہے)

حکمران ٹولہ ناکام ہوچکا ہے۔ ملکی سلامتی محفوظ اور نہ ہی قوم کے بچے اور بچیوں کو انصاف مل سکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ڈاکٹر طاہرالقا دری کی قیادت میں پہلے ہی پاکستان عوامی اتحاد کے پلیٹ فارم سے نواز ہٹاو تحریک کا حصہ رہی ہے جبکہ تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان اور عوامی تحریک کے سربراہ کی حکومت مخالف سوچ اور حکمت عملی میں مماثلت پائی جاتی ہے۔ ان تمام قوتوں کو اکٹھا ہونا چاہیے۔اس حوالے سے ہم خیال جماعتوں سے وہ بھی بات کریں گے اور مشاورت کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :