پیپلز پارٹی سکردو زیر اہتمام اپو علی مرحوم کی یاد میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد

پیر 22 جنوری 2018 20:33

سکردو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جنوری2018ء) پیپلز پارٹی ضلع سکردو کے زیر اہتمام پیپلزسیکرٹیریٹ سکردو میں پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور عظیم سماجی شخصیت اپو علی مرحوم کی یاد میں ایک تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں سابق وزیر اعلی سید مہدی شاہ اور دیگر رہنماؤں و کارکنوں سمیت مرحوم اپو علی کے لواحقین نے شرکت کی۔ پیر کو تعزیتی ریفرنس سے سابق وزیر اعلی سید مہدی شاہ،پیپلز پارٹی ضلع سکردو کے قائم مقام صدر غلام شہزاد آغا،تحصیل گمبہ کے جنرل سیکرٹری آخوند فرمان،پیپلز پارٹی میڈیا سیل بلتستان ڈویژن کے انچارج طالب حسین اور گمبہ سکردو کے سماجی رہنما حبیب بلتی نے خطاب کیا۔

سابق وزیر اعلی سید مہدی شاہ اپو علی مرحوم کا ذکر کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی مرحوم کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے اور میں یقین دلاتا ہوں کہ انکے بیٹوں اور دیگر اہل خانہ کی بھر پور سپورٹ کرینگے اور وہ اپنے آپ کو تنہا نہ سمجھیں پیپلز پارٹی غم کی اس گھڑی میں انکے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔سید مہدی شاہ اور دیگر مقررین نے کہا کہ مرحوم اپو علی کی وفات پیپلزپارٹی کا بہت بڑا نقصان ہے، پیپلز پارٹی کے لئے ناقابل فراموش قربانیاں دیں،انکا شمار پیپلز پارٹی کے وفادار اور بہترین رہنماؤں میں ہوتا تھا۔

اسکے علاوہ مرحوم کی علاقے کے لئے بہت بڑی سماجی اور فلاحی خدمات تھیں۔وہ نہ صرف نہایت انسان دوست شخصیت تھے بلکہ انکے دل میں خدمت خلق کا جذبہ کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا تھا۔تمام تر معاشرتی مسائل،خوشی اور غم میں ہمیشہ عوام کے ساتھ کھڑے ہوتے تھے۔پیپلز پارٹی انکی عظیم سیاسی اور سماجی خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔تقریب کے اختتام پر مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی

متعلقہ عنوان :